مقبوضہ بیت المقدس//
فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل نہیں کیا جاسکتا، اپنی سرزمین نہیں چھوڑیں گے۔
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں غزہ کےلیے امن کانفرنس کے دوران اپنے خاب میں فلسطینی صدر محمود عباس کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بےگھر یا بے دخل نہیں کیا جاسکتا، اپنی سرزمین نہیں چھوڑیں گے۔ اپنی سرزمین پر ہی رہیں گے۔
کانفرنس کے دوران اپنے خطاب میں اردن کے شاہ عبداللّٰہ نے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عرب دنیا جو پیغام سن رہی ہے وہ یہ ہے کہ فلسطینیوں کی زندگی اسرائیلیوں سے کم اہمیت رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل جان لے جو ریاست ناانصافی کی بنیاد پر قائم ہو وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتی۔
مصری صدر عبدالفتح السیسی کا کہنا تھا کہ مصر کے سینائی علاقے میں فلسطینیوں کی نقل مکانی کی مخالفت کرتے ہیں۔ مسئلہ فلسطین کا حل نقل مکانی نہیں بلکہ انصاف کی فراہمی، فلسطینیوں کی جائز حقوق تک رسائی اور آزاد ریاست میں ہے۔
قاہرہ میں امن کانفرنس سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کےلیے عالمی سطح پر اقدامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ نے ہزاروں افراد کو شہید اور 10 لاکھ فلسطینیوں کو بے گھر کر دیا ہے، غزہ کے 21 لاکھ افراد کےلیے 20 ٹرکوں کے مقابلے میں بہت زیادہ امدادی ٹرکوں کی مسلسل فراہمی کی ضرورت ہے۔