نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ہفتہ کو یہاں مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات کے لئے 92 امیدواروں کی پانچویں فہرست جاری کی۔
ان امیدواروں کے ناموں کی منظوری جمعہ کی شب یہاں پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں دی گئی۔ بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا کی زیر صدارت مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔
پانچویں فہرست میں 12 خواتین سمیت 92 امیدواروں کے نام شامل کیے گئے ہیں جن میں وزراء ارچنا چٹنیس، اوشا ٹھاکر، سابق وزراء مایا سنگھ اور نینا وکرم ورما شامل ہیں۔
بی جے پی نے چار فہرستوں میں 136 امیدواروں کا اعلان کیا ہے ۔ اس فہرست کے ساتھ بی جے پی نے 228 امیدوار انتخابی میدان میں اتارے ہیں۔ کانگریس نے 229 سیٹوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کرچکی ہے ۔
مدھیہ پردیش کی 230 اسمبلی سیٹوں کے لیے 17 نومبر کو ووٹنگ ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی۔