کولکتہ//
بورڈ آف کنٹرول فور کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی نے جمعہ کو کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج شام جنوبی کولکتہ میں ان کی آبائی رہائش گاہ پر جائیں گے۔
جمعرات کی صبح سے مغربی بنگال کے دورے پر گئے وزیر داخلہ شاہ کولکتہ کے بیہالا میں سر بیرن رائے روڈ پر گنگولی کی آبائی رہائش گاہ جائیں گے، جہاں وہ گنگولی کنبہ کے ساتھ کھانے کا لطف اٹھائیں گے۔بی سی سی آئی کے صدر گنگولی نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہاں، ہم ایک دوسرے کو 2008 سے جانتے ہیں لیکن ان سے بہت کم ملاقات ہوئی کیونکہ میں زیادہ تر کرکٹ کی وجہ سے ملک سے باہر رہتا تھا۔
گنگولی نے کہا کہ وہ ان کے بیٹے جے شاہ کے ساتھ بھی کام کرتے ہیں۔ جے شاہ بی سی سی آئی کے سکریٹری ہیں۔ وزیر داخلہ شاہ ایک ثقافتی پروگرام دیکھنے شام 6 بجے وکٹوریہ میموریل جائیں گے جہاں بی سی سی آئی کے صدر کی اہلیہ ڈونا گنگولی اپنے گروپ کے ساتھ پرفارم کریں گی۔
اس کے بعد وزیر داخلہ تقریباً 7 بجے گنگولی کی رہائش گاہ کے لیے روانہ ہوں گے۔
اس سلسلے میں جب مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ سورو گنگولی کے گھر کوئی بھی جا سکتا ہے۔