کلکتہ// ترنمو ل کانگریس کی ممبر پارلیمنٹ مہوا مترا کے خلاف بی جے پی ممبر پارلیمنٹ نشی کانت دوبے کی شکایت پر اسپیکر نے لوک سبھا کی ایتھکس کمیٹی کو ترنمول کانگریس کی ممبر پارلیمنٹ مہوا پر لگائے گئے الزامات کی سچائی کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے کرشنا نگر سے ترنمول کانگریس کی ممبر پارلیمنٹ مہوا پر پارلیمنٹ کے رکن کے عہدے کا اضافی فائدہ اٹھانے کا الزام لگایا ہے ۔ اخلاقیات کمیٹی جو اس معاملے کو دیکھے گی، اس کی سربراہی بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ کرتے ہیں۔ 12 رکنی کمیٹی میں ترنمول کانگریس کا کوئی نمائندہ شامل نہیں ہے ۔
نشی کانت کا دعویٰ ہے کہ مہوا کو لوک سبھا میں بعض مسائل پر سوال پوچھنے کے بدلے میں ایک تاجر سے تحائف اور مالی فائدے اٹھائے ہیں ۔ ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ کے خلاف تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کے علاوہ دوبے نے انہیں رکن پارلیمنٹ کے عہدے سے معطل کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے ۔ اتوار کو یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد لوک سبھا کے اسپیکر نے منگل کو یہ کارروائی کی ہے ۔
بی جے پی ممبر پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے اتوار کو اس بارے میں اسپیکر کو خط لکھا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ترنمول ایم پی مہوا نے لوک سبھا میں دبئی میں مقیم ایک تاجر سے رقم اور تحائف کے بدلے سوالات پوچھے ہیں۔ دوسری طرف وکیل اننت دیہاڑی نے بھی مہوا پر الزام لگاتے ہوئے سی بی آئی چیف کو خط لکھ کران کے خلاف جانچ کرنے کی مانگ کی ہے ۔ دونوں کا ایک ہی دعویٰ تھاکہ مہوا نے تاجر درشن ہیرنندانی سے پیسے اور تحائف لے کر اڈانی گروپ کے خلاف بات کی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا بھی نام شامل کیا ہے ۔