ویردھو نگر// تمل ناڈو کے ویردھو نگر ضلع میں منگل کو دو پٹاخہ فیکٹریوں میں دھماکہ ہونے سے 9 خواتین سمیت گیارہ افراد ہلاک اور کچھ دیگر زخمی ہوگئے ۔
پولیس نے بتایا کہ آج دوپہر سری ولّی پتھر کے قریب رنگمپلائم میں کنیشکر فائر ورکرس فیکٹری میں اچانک ہونے واکے دھماکے سے نو خواتین سمیت دس مزدور ہلاک اور دو دیگر شدید زخمی ہو گئے ۔
جس وقت یہ حادثہ پیش آیا، کارکنان فینسی قسم کے پٹاخے بنانے میں استعمال ہونے والے انتہائی آتش گیر کیمیکلز کو ملانے میں مصروف تھے ۔
ایک اور واقعہ میں شیوکاسی کے قریب کچنائیکن پٹی گاؤں میں ایک پرائیویٹ پٹاخہ فیکٹری میں آگ لگنے سے ایک مزدور کی موت ہو گئی اور چند دیگر زخمی ہو گئے ۔ فائر بریگیڈ نے دونوں فیکٹریوں پر پہنچ کر چند گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے لیے ریونیو اور پولیس کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے ۔