نئی دہلی/ممبئی// وزیر اعظم نریندر مودی نے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو G-20 کے نئے انڈیا مڈل ایسٹ یوروپ کوریڈور (IMEC) میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے اور اسے دنیا بھر میں سمندری صنعت کو نئے سرے سے بحال کرنے کے قابل قرار دیا ہے ۔
مسٹر مودی نے آج نئی دہلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے ممبئی میں منعقدہ گلوبل میری ٹائم انڈیا کانفرنس کے تیسرے ایڈیشن کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کیا۔ اس پروگرام میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے ، گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت، مرکزی وزیر سربانند سونووال سمیت کئی دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔
وزیر اعظم نے ‘امرت کال وژن 2047’ بھی جاری کیا، جو بحر ہند کی نیلی معیشت کے لیے ایک بلیو پرنٹ ہے ۔ اس منصوبہ کے مطابق وزیر اعظم نے 23 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا جو بحر ہند کی نیلی معیشت کے لیے ‘امرت کال ویژن 2047’ کے مطابق ہیں۔
وزیراعظم نے گجرات میں دین دیال پورٹ اتھارٹی میں 4.5 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ٹونا ٹیکرا آل ویدر ڈیپ ڈرافٹ ٹرمینل کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ یہ جدید ترین گرین فیلڈ ٹرمینل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے ذریعے تیار کیا جائے گا۔ یہ ٹرمینل ایک بین الاقوامی تجارتی مرکز کے طور پر ابھرنے کا امکان ہے ۔ یہ ٹرمینل 18 ہزار TEU (بیس فٹ کے مساوی یونٹ) کے مستقبل کی نسل کے جہازوں کو سنبھالے گا اور ہندوستان-مشرق وسطی-یوروپ اقتصادی راہداری (IMEC) کے ذریعے ہندوستانی تجارت کے لیے گیٹ وے کے طور پر کام کرے گا۔
اس پروگرام کے دوران 7 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے 300 سے زیادہ مفاہمت ناموں (ایم او یو) پر بھی وزیراعظم کی موجودگی میں سمندری شعبے میں عالمی اور قومی شراکت داری کے لیے دستخط کیے گئے ۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں مسٹر مودی نے کہا کہ سال 2021 میں پوری دنیا کورونا کی غیر یقینی صورتحال میں گھری ہوئی تھی۔ کوئی نہیں جانتا تھا کہ کورونا کے بعد دنیا کیسی ہو گی۔ لیکن آج دنیا میں ایک نیا عالمی نظام شکل اختیار کر رہا ہے اور اس بدلتے ہوئے عالمی نظام میں پوری دنیا نئی امنگوں کے ساتھ ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی بحران سے گھری دنیا میں ہندوستان کی معیشت مسلسل مضبوط ہو رہی ہے ۔ وہ دن دور نہیں جب ہندوستان دنیا کی تین بڑی معاشی طاقتوں میں سے ایک ہوگا۔ ہم سب جانتے ہیں کہ دنیا کی زیادہ تر تجارت سمندری راستوں سے ہوتی ہے ۔ آج کورونا کے بعد کے دور میں دنیا کو بھی قابل اعتماد اور پائیدار سپلائی چین کی ضرورت ہے ۔ اسی لیے گلوبل میری ٹائم انڈیا کانفرنس کا یہ ایڈیشن بہت اہم ہو گیا ہے ۔