نئی دہلی//
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے جمعرات کو متحدہ عرب امارات کی پارلیمنٹ کے اسپیکر صقر بن غوباش سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
پی-20 چوٹی کانفرنس سے پہلے مسٹر برلا نے یہاں یشوبومی میں مسٹر غوباش کے ساتھ ایک مختصر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مسٹر برلا نے مسٹر غوباش کو متحدہ عرب امارات کو برکس کا رکن بننے پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان باہمی تعاون میں اضافے پر خوشی کا اظہار کیا۔
مسٹر برلا اور مسٹر غوباش نے وزیر اعظم نریندر مودی اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی ملاقات پر بات کی اور کہا کہ دونوں نے ہندوستان-یو اے ای تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے ۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، قابل تجدید توانائی، خوراک کی حفاظت اور صحت، فن ٹیک، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، تعلیم کے شعبوں میں شراکت داری میں اضافہ ہوا ہے ۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ جی-20 کے دوران ہندوستان اور متحدہ عرب امارات دو اہم اقدامات جیسے ‘بائیو فیول الائنس اور انڈیا مڈل ایسٹ-یورپ اکنامک کوریڈور’ کا حصہ بنے ہیں۔