سرینگر//
شمالی ضلع بارہمولہ میں سیکورٹی فورسز نے لشکر طیبہ (ٹی آر ایف) سے وابستہ ایک ملی ٹینٹ معاون کو قابل اعتراض مواد سمیت دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ۱۰؍اکتوبر کو مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ۴۶آر آر‘۵۳بٹالین سی آر پی ایف اور بارہ مولہ پولیس نے بارہ مولہ کے اشکارا علاقے میں ناکہ لگایا ۔
ترجمان نے بتایا کہ مخالف سمت سے آرہے ایک مشتبہ نوجوان نے جوں ہی سیکورٹی فورسز کو دیکھا تو اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم سلامتی عملے نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کا لا کر نوجوان کو دھر دبوچا ۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار نوجوان کی جامہ تلاشی کے دوران دو ہینڈ گرینیڈ، نقدی چالیس ہزار روپیہ اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار نوجوان کی شناخت مدثر احمد بٹ ولد عبدالحمید بٹ ساکن اشکارا بارہ مولہ کے بطور ہوئی اور وہ لشکر طیبہ سے وابستہ ہے ۔
ان کے مطابق پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔