سرینگر//
ہندوستان کی صدر، دروپدی مرمو نے بدھ کو کہا کہ جب نوجوان’امن، خوشحالی اور نظم و ضبط‘ کے راستے پر چلیں گے، تو قوم خود بخود خوشحال اور ترقی کرے گی۔
کشمیر یونیورسٹی میں۴۰ویں کنووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرمو نے کہا کہ قوم اس وقت مزید ترقی کرے گی جب زیادہ سے زیادہ نوجوان امن اور چین (امن اور خوشحالی)کی پیروی کریں گے۔
مرمو نے کہاجب نوجوان نظم و ضبط کی پیروی کریں گے تو قوم ترقی کرے گی۔
صدر مرمو نے اپنی تقریر کا آغاز ’’یہ چھ موج کشمیر‘‘ سے کیا۔ان کاکہنا تھا’’میں یہاں آ کر خوش ہوں۔ میں مختلف کانووکیشنز اور ملک کے مختلف اداروں اور یونیورسٹیوں میں گئی ہوں لیکن میں نوجوانوں کو بتاتی ہوں کہ یہ کیمپس دوسروں سے زیادہ خوبصورت ہے۔ کشمیر یونیورسٹی کو ماضی میں بھی حضرت بل کا فیض حاصل رہا ہے اور رہے گا۔
صدر ہند نے کہا کہ وہ۲۰۲۳میں یوم جمہوریہ کی پریڈ میں حصہ لینے اور اس کی سماجی خدمات کے لیے نئی دہلی کے راشٹرپتی بھون میں ایک مقامی لڑکے کفایت اللہ کو وارڈ کرنے پر خوش ہیں۔
صدر نے کہا’’میں کشمیر یونیورسٹی کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات میں بھی حصہ لیتے ہوئے دیکھنا چاہوں گا تاکہ معاشرے میں ایک تبدیلی آئے‘‘۔
۴۶۲طالب علموں میں سے ۲۱ٹاپرز میں گولڈ میڈل تقسیم کرنے کے بعد، اس نے کہا’’مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ٹاپ کرنے والوں میں۵۵فیصد لڑکیاں ہیں۔ ہماری لڑکیاں اور خواتین ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ آج کے ایوارڈ یافتہ ہمارے تصویراور تقدیر ہیں‘‘۔
ماحولیات کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے‘کشمیر کو قدرتی تحفے سے نوازا گیا‘انہوں نے کشمیری کہاوت کا انتخاب کیا’’ان پوشِ تیلہ یلہ ون پوشِ‘‘ فطرت کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے اور یہیں پر نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ کشمیر یونیورسٹی ہمالیان گلیشیئرز کی حفاظت کے لیے اپنی پوری کوشش کر رہی ہے اور مجھے معلوم ہوا ہے کہ کئی محاذوں پر تحقیق کا سلسلہ جاری ہے۔
صدرجمہوریہ نے کہا کہ کشمیر یونیورسٹی کے نشان میں ایک طرف اوپنشد کے تین الفاظ اور دوسری طرف قرآن شریف کی ایک آیت کا حصہ درج ہے دونوں کا معنی ایک ہی ہے یعنی اندھیرے سے روشنی کی طرف جانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان تعلیم کی روشنی اور امن و چین کے اجالے کی طرف جتنا آگے بڑھیں گے ملک بھی اتنا آگے بڑھے گا۔
مرمو نے کہا کہ جس سماج اور ملک کے نوجوان ترقی اور نظم و ضبط کا راستہ اختیار کریں گے وہ سماج اور ملک بھی ترقی اور خوشحالی کے راستے پر چلے گا۔
صدر مرمو نے کہا کہ جموں وکشمیر قومی تعلیمی پالیسی اپنانے میں باقی ریاستوں اور یونین ٹریٹریوں پر سبقت لے رہی ہے جس پر میں اس کو مبارک باد پیش کرتی ہوں۔انہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے والے تمام طلبا و طالبات کو مبارک باد پیش کی۔
بتادیں کہ صدر جمہوریہ اپنے دو روزہ جموں وکشمیر کیلئے بدھ کی صبح سری نگر پہنچیں جہاں ہوائی اڈے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وہاں چیف سکریٹری ارن کمار مہتا، جموں و کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ، صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری، ضلع مجسٹریٹ بڈگام اکشے لبرو و دیگر فوجی و پولیس افسران بھی موجود تھے ۔
وہ بعد ازاں سیدھے بادامی باغ فوجی چھائونی، جو فوج کی۱۵ویں کور کا ہیڈ کوارٹر ہے ، پہنچیں جہاں انہوں نے شہدا کی یاد گار پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق صدر ہند جمعرات کی صبح جموں کے کٹرہ میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر کی طرف روانہ ہوں گی جہاں آپ دوبارہ بنائے گئے پاروتی بھون اور سکائی واک کا افتتاح کریں گی۔
دریں اثنا صدر جمہوریہ ہند کے دورے جمو وکشمیر کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص شہر سری نگر کے قرب و جوار میں سیکورٹی کا فقید المثال بندوبست کیا گیا ہے ۔
یو این آئی کے ایک نمائندے کے مطابق شہر کے تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جدید ہتھیاروں سے لیس سیکورٹی اہلکار انتہائی چوکنا ہیں۔