سرینگر//
بی جے پی جموں کشمیر یونٹ کے صدر‘ رویندر رینا نے کہا ہے کہ جموں اپوزیشن جماعتوں کا دھرنا عام لوگوں کی بہتری کیلئے نہیں تھا ۔
رینا‘منگل کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کررہے تھے۔
جموں میں آل پارٹی دھرنے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ دھرنا لوگوں کی بہتری کے لئے نہیں ہے بلکہ یہ لوگ دھرنہ دے کر اپنے مستقبل کی تلاش کر رہے ہیں۔
رینا نے کہا’’جب کشمیر میں صورتحال خراب تھی تو یہ لوگ کبھی دھرنے پر نہیں بیٹھ گئے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے ہمیشہ اپنے مفادات کے لئے لڑا ہے ۔
بی جے پی یونٹ صدر کا دعویٰ تھا کہ جموںکشمیر کے لوگوں نے ان کو نکال دیا ہے اور یہاں کے لوگ بی جے پی کے ساتھ ہیں۔
لداخ خود مختار ترقیاتی کونسل ‘کرگل کے انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی لداخ میں بھی ایک مضبوط پارٹی ہے اور آنے والے برسوں میں وہاں نیٹ ورک کو مزید مستحکم بنا دیا جائے گا۔
رینا کا کہنا ہے کہ دنیا کے کسی بھی حصے کا خون خرابہ عام لوگوں کا دشمن ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنگ کبھی بھی کسی کے لئے مدد گار ثابت نہیں ہوتا ہے ۔
بی جے پی یونٹ صدر نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا’’دنیا کے کسی بھی حصے میں خون خرابہ نہیں ہونا چاہئے خون خرابے ‘ بموں، بندوقوں سے جموں وکشمیر میں پہلے ہی تباہی مچ چکی ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں بے گناہ لوگ زندگیاں گنوا چکے ہیں‘‘۔
رینا کا کہنا تھا کہ خون خرابہ، بم، بندوق لوگوں، خوشحالی اور بھائی چارے کے دشمن ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کشمیر میں آج امن ہے تو ترقی بھی ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا’’گذشتہ ۳۵برسوں کے دوران یہاں صرف انسانی لاشوں کو دیکھا جا رہا تھا جنگ کبھی کسی کے لئے مدد گار ثابت نہیں ہوتا ہے ‘‘۔