نئی دہلی// وزیراعظم نریندر مودی نے گندم کی سپلائی، اسٹاک اور برآمد کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لئے جمعرات کو مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ایک ریلیز کے مطابق اس میٹنگ میں مسٹر مودی کو اس سلسلے میں تفصیلی معلومات دی گئی۔ انہیں مارچ-اپریل 2022 کے مہینوں میں فصل کی پیداوار پر شدید گرمی کی لہر کے اثرات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ اس اجلاس میں گندم کی خریداری اور برآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ہندوستان کی زرعی مصنوعات کی عالمی بازار میں بڑھتی ہوئی مانگ کو مدنظر رکھتے ہوئے مسٹر مودی نے مصنوعات کے معیار اور صفائی کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کرنے کی ہدایت دی تاکہ ہندوستان غذائی اجناس اور دیگر زرعی مصنوعات کا ایک یقینی ذریعہ کے طور پر تیار ہوسکے ۔انہوں نے عہدیداروں سے کسانوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کو یقینی بنانے کے لئے بھی کہا۔
مسٹر مودی کو زرعی پیداوار کے موجودہ مارکیٹ ریٹ کے بارے میں بھی بتایا گیا جو کسانوں کے لیے فائدہ مند ہیں۔ ریلیز کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری، مشیر، کابینہ سیکرٹری، فوڈ اینڈ پبلک ڈسٹری بیوشن ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ زراعت کے سیکرٹریوں نے شرکت کی۔