چنئی//ہندوستان کے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کا ماننا ہے کہ ان کی ٹیم تیسرا آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کی مضبوط پوزیشن میں ہے۔
جڈیجہ نے اتوار کو چنئی میں آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کی پہلی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا اور دس اوور کے اسپیل میں اسٹیو اسمتھ کی اہم وکٹ سمیت تین وکٹیں حاصل کیں۔
جڈیجہ نے دنیش کارتک اور میزبان برائن مرگاٹرائیڈ کے ساتھ آئی سی سی ریویو پوڈکاسٹ کے تازہ ترین ایپی سوڈ میں کہا "یہ بہت خاص ہے کیونکہ یہ ہندوستان میں میرا پہلا ورلڈ کپ ہے،” ۔ شائقین بہت پرجوش ہیں کیونکہ ہماری ٹیم تمام شعبوں میں متوازن ہے۔ ایسا کچھ بھی نہیں ہے کہ ہم کسی خاص شعبے میں کمزور ہیں۔
ہندوستان کے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں 30,000 سے زیادہ شائقین نے شرکت کی اور امید ہے کہ جب میزبان ٹیم ٹورنامنٹ کے بقیہ حصے میں پورے ملک میں اپنی مہم جاری رکھے گی تو ہجوم اور بھی بڑھے گا ۔
جڈیجہ نے شائقین کی خصوصی تعریف کی اور کہا کہ اگر ہندوستان ورلڈ کپ جیتتا ہے تو شائقین کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستانی حامیوں کی توانائی، ان کا اعتماد اور ان کا ہم پر اٹل یقین ناقابل یقین حد تک بلند ہے۔ جب بھی ہم ہندوستان میں کھیلتے ہیں، کسی بھی سیریز کے لیے، وہ اتنی بڑی تعداد میں آتے ہیں کہ پورا اسٹیڈیم کھچا کھچ بھر جاتا ہے۔ مجھے ورلڈ کپ میں ہندوستانی بھیڑ کے سامنے کھیلنا بہت پرجوش لگتا ہے۔ امید ہے کہ ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، فائنل میں پہنچیں گے اور ورلڈ کپ جیتیں گے۔