سرینگر//
سرینگر جموں شاہراہ پر رام بن ، بانہال سیکشن پر ایک اور ۲ لین پل اور ٹنل کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے۔ اس۶۴۵ میٹر طویل ٹنل کی تکمیل سے سرینگر ، جموں سفری فاصلہ مزید کم ہو جائے گا جس سے مسافرین کا کافی وقت بچے گا۔
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ٹویٹ کے ذریعے ٹنل کی تعمیر کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ سرینگر جموں شاہراہ رام بن بانہال سیکشن پر اس ٹنل کی تعمیر پر ۸۲ کروڑ روپے کی لاگت آئی۔
گڈکری کا کہنا ہے کہ کشمیر سے کنیا کماری تک مرکزی حکومت نئے ایکسپریس ویز اور ہائی ویز تعمیر کر کے ملک کے ہر حصے میں سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے اور اس حوالہ سے جموں و کشمیر کی سرینگر – جموں قومی شاہراہ پر شد و مد سے کام جاری ہے۔
ایکس میں مزید کہا گیا ہے کہ۲لین پل ۲۵۰ میٹر طویل ہے ساتھ ہی ایک سرنگ بھی جس کی لمبائی۳۹۵میٹر ہے۔ اس۶۴۵میٹر طویل حصے کی تکمیل سے سفری فاصلہ تقریباً ۲۰۰ میٹر کم ہو جائے گا جس سے سفر کے وقت میں کمی آئے گی۔
گڈکاری کے مطابق ۸۲کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی اس ٹنل اور پل میں اسٹیل اور سیمنٹ کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا ہے۔
سرینگر جموں قومی شاہراہ پر مرکزی سرکار کے سبھی پروجیکٹس کی تکمیل کے بعد دونوں شہروں کے درمیان سفر کا وقت سمٹ کر صرف۳گھنٹوں کا رہ جائے گا۔ اس بڑے پروجیکٹ کے تحت رام بن ضلع میں قصبہ رام بن اور بانہال کے درمیان۴۵کلومیٹر کے دائرے میں۵ ٹنلز تعمیر کی جا رہی ہیں۔
مرکزی وزیر کے مطابق جموں اور سرینگر کے درمیان سفر کو بہتر بنانے کے لیے ۳۵ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے ۳کوریڈور بنائے جا رہے ہیں۔ اس میں جموں سے ادھم پور،رامبن،بانہال اور اس کے بعد سرینگر تک پہلی کوریڈور میں سرینگر سے بانہال سیکشن شامل ہے۔۲۵۰ کلومیٹر لمبائی کی یہ ۴ لین سڑک ۱۶ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے بنائی جا رہی ہے۔