حیدرآباد//
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے سرفراز احمد کا ریکارڈ توڑ دیا ،ورلڈ کپ ڈیبیو پر نصف سنچری سکور کرنے والے پہلے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر بن گئے۔ آئی سی سی مینز ورلڈکپ میں حیدر آباد کے راجیوگاندھی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میں دوسرے میچ میں قومی ٹیم اوپنر فخر زمان ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 12 کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔
نیدرلینڈز کی جانب وین بیک نے وکٹ حاصل کی۔ کپتان بابر اعظم 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ امام الحق بھی 15 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔ ٹاپ آرڈر ناکام ہونے کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل ٹیم کو سنبھالااور سکور 150 سے اوپر تک پہنچایا۔ سعود شکیل نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر اپنے ون ڈے کیرئیر کی دوسری ففٹی مکمل کی جس میں انہوں نے 7 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز مکمل کیے ، وہ ورلڈ کپ ڈیبیو پر نصف سنچری سکور کرنے والے پہلے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر ہیں، اس سے قبل سابق کپتان سرفراز احمد نے ورلڈ کپ 2015ء میں جنوبی افریقہ کیخلاف اپنے پہلے ورلڈ کپ مقابلے میں 49 رنز سکور کیے تھے۔ 29 ویں اوور میں سعود شکیل 68 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 75 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے ، افتخار بھی 9 رنز پرپویلین لوٹ گئے۔ اس سے قبل نیدر لینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی ٹورنامنٹ کا آغاز پاکستان کیخلاف کامیابی سے کریں۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ نیدر لینڈز کو بڑا ہدف دیکر پریشر میں لانے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کا اسکواڈ کپتان بابراعظم، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف پر مشتمل ہے جب کہ نیدر لینڈز کے سکواڈ میں کپتان اسکاٹ ایڈورڈز، وکرم جیت سنگھ، میکس او ڈاؤڈ، کولن ایکرمین، باس ڈی لیڈز، تیجا ندامانورو، ثاقب ذوالفقار، لوگن وین بیک، آرین دت اور پال وین میکرین شامل ہیں۔