نئی دہلی/5 مئی
(یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ حکومت بارڈر سیکورٹی فورس کے جوانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے جو سرحدوں کی حفاظت کے لئے مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
مغربی بنگال کے دورے پر مسٹر شاہ نے جمعرات کو ہند-بنگلہ دیش سرحد پر ہری داس پور پوسٹ پر ‘سیما پرہری سمیلن‘سے خطاب کیا۔ اس سے قبل انہوں نے سندربن کے ناقابل رسائی علاقے کی حفاظت کے لیے مرکزی حکومت کی طرف سے بنائی گئی نرمدا، ستلج اور کاویری فلوٹنگ سرحدی چوکیوں کا افتتاح کیا۔
شاہ نے کہا’’یہ فلوٹنگ سرحدی چوکیاں ہماری بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کو سرحد کے تحفظ میں مدد فراہم کریں گی‘‘۔
افتتاح کے بعد شاہ نے نرمدا، ستلج اور کاویری فلوٹنگ سرحدی چوکیوں کا دورہ کیا اور فوجیوں کی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بارڈر سیکورٹی فورس کے جوانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے جو سندربن کے اس انتہائی مشکل علاقے میں انتہائی چوکسی کے ساتھ ملک کی حفاظت کر رہے ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ نے فلوٹنگ سرحدی چوکیوں پر صحت کی سہولیات کیلئے بوٹ ایمبولینس کا بھی آغاز کیا۔یہ بوٹ ایمبولینس کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بہت مددگار ثابت ہوگی۔