سرینگر//
وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ممکنہ طور پر جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے تاکہ اگلے سال اپریل،مئی میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کیلئے بی جے پی کی مہم کو تیز کیا جا سکے۔
مودی اور شاہ ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی اقدامات کا آغاز بھی کریں گے۔
میڈیا رپوٹس کے مطابق اس دوران کچھ تعمیراتی منصوبوںکا اعلان بھی متوقع ہے ۔
وزیر عظم نرندر مودی کا ایک دن کا دورہ ہوگا، شاہ کے جموں و کشمیر میں کم از کم دو دن اور زیادہ سے زیادہ تین دن ہونے کی توقع ہے۔رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ نے ٹور پروگرام کے لیے اپنی رضامندی دے دی ہے جبکہ وزیر اعظم کی طرف سے باضابطہ منظوری کی توقع ہے کیونکہ یوٹی حکومت پروجیکٹوں اور فلاحی اسکیموں کی تفصیلی فہرست بھی تیار کر رہی ہے جن کا وہ آغاز اور افتتاح کریں گے۔
بی جے پی لیڈران اکتوبر کے مہینے میں شاہ کے دورے اور نومبر یا دسمبر میں وزیر اعظم کے دورے کے بارے میں پراعتماد ہیں۔
شیڈول کے مطابق وزیر اعظم جموں و کشمیر ڈویژن میں ایک ایک پروگرام سے خطاب کریں گے۔ جموں ڈویژن میں پروگرام جموں اور کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔ تاہم، اس دورے کو آخر کار یونین ٹیریٹری حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد منظوری دی جائے گی جو نریندر مودی کی طرف سے اعلان کیے جانے والے لوگوں کے لیے فلاحی اقدامات،/اسکیموں کی سیریز کا مسودہ تیار کر رہی ہے۔
مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دونوں ڈویژنوں میں متعدد ترقیاتی منصوبے تکمیل کے قریب ہیں جبکہ کچھ اور کام شروع کیے جانے ہیں۔ ان میں سے بڑے منصوبوں کا آغاز اور افتتاح وزیر اعظم دونوں ڈویڑنوں میں کریں گے۔
شاہ سے پارٹی قیادت نے جموں ڈویڑن میں کم از کم تین ریلیوں سے خطاب کرنے کی درخواست کی ہے جس میں پونچھ اور ڈوڈہ اضلاع میں ایک ایک اور تیسری ادھم پور یا کٹھوعہ ضلع میں ہے۔ وادی کشمیر میں ان کے اننت ناگ میں ایک زبردست ریلی کی توقع ہے۔
پچھلے سال اکتوبر میں جموں و کشمیر کے اپنے تین روزہ دورے کے دوران امیت شاہ نے راجوری اور بارہمولہ میں ایک ایک ریلی سے خطاب کیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دیا جائے گا۔ انہوں نے یوٹی میں سیکورٹی کے منظر نامے کا بھی جائزہ لیا اور ہزاروں کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا آغاز کیا۔
مرکزی وزیر داخلہ کے دورے کے بعد وزیر اعظم کا دورہ جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات کے لیے انتخابی بگل بجائے گا جو اگلے سال اپریل‘مئی میں ہونے والے ہیں۔
اس کے علاوہ بی جے پی قیادت نے پارٹی صدر جگت پرکاش نڈا سے بھی اپنی سہولت کے مطابق جموں و کشمیر کے دو سے تین روزہ دورے کی درخواست کی ہے لیکن ان کا دورہ ابھی طے ہونا باقی ہے۔ تاہم، پارٹی قائدین کے مطابق، نڈا پارلیمانی انتخابات کے اعلان سے پہلے یوٹی کا ضرور دورہ کریں گے۔