سرینگر//
محکمہ موسمیات نے جموں کشمیر کے بالائی علاقوں میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف وباراں کی پیش گوئی کی ہے ۔
محکمے نے کسانوں سے۹ ۲ستمبر یعنی جمعہ کے روز فصل کٹائی سے احتراز کرنے کی تاکید کی ہے ۔
موسمیات محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے بالائی علاقوں میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ بارشوں یا برف باری کا یہ سلسلہ جمعرات کی شام دیر گئے سے شمالی کشمیر کے کئی علاقوں میں شروع ہوسکتا ہے جو پھر جموں وکشمیر کے باقی حصوں خاص کر کشمیر، پیر پنچال اور سونہ مرگ زوجلہ کے علاقوں میں۲۹ ستمبر تک پھیل سکتا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ۲۹ستمبر کو کشمیر کے بالائی علاقوں میں کئی مقامات پر بارش یا برف باری ہونے کا امکان ہے جبکہ جموں خطے میں بھی کہیں کہیں بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ تاہم۳۰ستمبر کو موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں جموں وکشمیر میں یکم اکتوبر سے۵؍اکتوبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے تاہم اس دوران بالائی علاقوں میں کہیں کہیں برف وباراں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے کے دوران موسم وسیع پیمانے پر خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔محکمے سے اپنی ایڈوائزری میں کسانوں سے کہا ہے کہ وہ۲۹ستمبر کو فصل کٹائی سے احتراز کریں۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے وادی کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی حصوں میں بارشوں سے خشک سال کا دو ماہ کا سلسلہ ٹوٹ گیا جس کے ساتھ ہی دن اور رات کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی ۔