نیویارک//
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کی خریداری کرنے والے ارب پتی ایلون مسک کو اب لبنان خریدنے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔
دنیا کی امیر ترین شخصیت ایلون مسک کی جانب سے 44 ارب ڈالر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر خریدنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی ان سے توقعات بڑھ گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ایلون مسک سے لبنان کے شہریوں کی جانب سے ان کے ملک کو خریدنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔
ایک صارف نے ٹوئٹر پر ایلون مسک سے مخاطب ہوتے ہوئے پوچھا کہ کیا آپ لبنان خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں؟لبنانی شہری نے ایلون مسک سے کہا کہ آپ لبنان کو خریدو، اسے ٹھیک کرو اور ہم آپ کو بادشاہ کا تاج پہنائیں گے۔صارف نے کہا کہ یہاں تک کہ ہم اس کا نام بدل کر ’لیب ایلون‘ کر دیں گے۔
لبنانی شہری نے ایلون مسک سے پوچھا کہ کیا آپ کو یہ ڈیل منظور ہے؟
فِل نامی صارف نے ایلون مسک سے کہا کہ میرے پاس آپ کے لیے ایک ملک برائے فروخت ہے، اسے لبنان کہا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ لبنان کی معاشی حالت بہت خراب ہے اور اس کی کرنسی بھی مسلسل گراوٹ کا شکار ہے۔اس سے قبل ایلون مسک کو اب مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک خرید کر اُسے ڈیلیٹ کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔