منیلا//
فلپائن میں گھروں میں لگنے والی آگ سے 6 بچوں سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کےمطابق فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے قریب پیر کے روز ایک گھر میں آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دیگر گھروں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ مقامی وقت کے مطابق ایک گھر کی دوسری منزل پر صبح 5 بجے آگ لگی جس نے آس پاس کے 80 گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں 6 بچوں سمیت 8افراد ہلاک ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ نے انتہائی تیزی سے دیگرگھروں کو اپنی لپیٹ میں لیا جس کے باعث متاثرہ افراد کو جان بچانے کا موقع بھی نہ مل سکا جب کہ ریسکیو اہلکاروں نے 2 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا تاہم فوری طور پر آتشزدگی کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔
ریسکیو حکام کےمطابق مرنے والے 8 افراد میں 6 بچے شامل ہیں جب کہ دیگر افراد کی عمروں کا تعین نہیں کیا جاسکا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ فائر اسٹیشن جائے حادثہ سے نزدیک ہی واقع ہے تاہم متاثرین فوری طور پر حادثے کی اطلاع بھی نہ دے سکے۔