لو جی اپنے بخاری… الطاف بخاری صاحب دعوتیں دیتے پھر رہے ہیں… حریت اور جماعت اسلامی والوں کو دیتے پھر رہے ہیں کہ اگر وہ چاہیں… اگر حریت اور جماعت اسلامی والے چاہیں تو… تو بخاری صاحب کی پارٹی … اپنی پارٹی میں شامل ہو کر پارٹی کر سکتے ہیں… مانا کہ بخاری صاحب اپنی پارٹی میں شمولیت کی ایک عدد شرط بھی رکھ رہے ہیں…یہ شرط کہ اپنی پارٹی میں شمولیت سے پہلے حریت اور جماعت اسلامی والوں کو آئین ہند کو تسلیم کرنا ہو گا… یہ ان کی طرف سے یقینا ایک شرط ہے‘لیکن…لیکن پھر بھی بخاری صاحب نے حریت اور جماعت اسلامی والوں کو دعوت دے کر بڑی جرأت کا مظاہرہ کیا ہے کہ … کہ لوگ تو حریت اور جماعت اسلامی والوں سے دور بھاگتے پھرتے ہیںاور… اور ایک بخاری صاحب ہیںجو انہیں اپنے نزدیک لانا چاہتے ہیں… یا پھر ان کے نزدیک ہو جانا چاہتے ہیں ۔اس جرأ ت اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر ہم بخاری صاحب کی داد دئے بغیر نہیں رہ سکتے ہیں… بالکل بھی نہیں رہ سکتے ہیں ۔اب کون حریت اور جماعت والا اپنی پارٹی میں شامل ہو گا یہ تو ہم نہیں جانتے ہیں… اور اس لئے نہیں جانتے ہیں کہ اب تو کوئی حریت والا ہی بچا اور نہ جماعت والا … اور خدا نخواستہ اگر کوئی ہو گا بھی تو… تو وہ حلفاً بیان کرے گا کہ اس کا حریت اور نہ جماعت اسلامی کے ساتھ کوئی تعلق ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔لیکن… لیکن بخاری صاحب کی یہ دعوت اگر کسی بات کی چغلی کھاتی ہے تو… تو اس ایک بات کی کھاتی ہے کہ… کہ کشمیر واقعی میں بدل گیا ہے کہ… کہ ایک زمانہ تھا جب لوگ مین اسٹریم جماعتوں کو چھوڑ کر حریت میں شمولیت اختیار کرتے تھے… اپنی جان بچانے کیلئے ہی سہی… لیکن شمولیت اختیار کرتے تھے…اور آج اپنے کشمیر میں الٹا ہو رہا ہے… یہ ہو رہا ہے کہ اب حریت والوں کو مین اسٹریم جماعتوں میں شامل ہونے کی دعوت دی جا رہی ہے اور… اور اللہ میاں کی قسم یہ کوئی چھوٹی بات نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے کہ… کہ اگر اس بات سے کوئی بات سامنے آ جاتی ہے تو… تویہ ایک بات آ رہی ہے کہ… کہ بدلتا ہے آسمان رنگ کیسے کیسے… اور…اور اس بدلاؤ کو جو محسوس نہیں کریگا… جس کو یہ بدلے رنگ نظر نہیں آئیں گے … یقینا اس کی آنکھوں کو کوئی مسئلہ ہے… اور سو فیصد ہے ۔ ہے نا؟