سرینگر//
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر ‘منوج سنہا نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے گڈول کوکرناگ جنگل علاقے میں آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے سپاہی پردیپ سنگھ کی میت پر پھولوں کی چادر چڑھا کر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
سنہا نے کہا’’میں اپنے بہادر جوان کی مثالی ہمت اور قربانی کے سامنے جھکتا ہوں، قوم ہمیشہ ان کی شہادت کی مرہون منت رہے گی‘‘۔
ان کا مزید کہنا تھا’’مصیبت کی اس گھڑی میں پوری قوم ان کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے ‘‘۔
ذرائع نے بتایا کہ سپاہی پردیپ سنگھ کے جسد خاکی کو آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے پورے فوجی اعزاز کے ساتھ اپنے وطن بھیجا جائے گا۔
بتادیں کہ سپاہی پردیپ سنگھ گڈول کوکرناگ کے جنگل علاقے میں۱۳ستمبر کو انکائوںٹر چھڑنے کے ساتھ ہی لاپتہ ہوئے تھے اور پیر کی شام ان کی لاش بر آمد کی گئی۔
دریں اثنا فوج کی چنار کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی اور دیگر اعلیٰ فوجی افسروں نے بھی سپاہی پردیپ سنگھ کی میت پر یہاں بادام باغ فوجی چھائونی میں پھولوں کی چادریں چڑھا کر ان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
چنار کور نے’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’بہادر جوان سپاہی پردیپ کا تعلق فوجی۱۹۹آر آر سے تھا جنہوں نے اننت ناگ گڈول آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے عظیم قربانی پیش کی‘‘۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا’’اس شہید کے جسد خاکی کی آخری رسومات ان کے وطن میں فوجی اعزاز کے ساتھ انجام دی جائیں گی‘‘۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا’’مصیبت کی اس گھڑی میں فوج پسماندگان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے وقار، بہبودی اور تحفظ کیلئے پر عزم ہے‘‘۔
۱۳ستمبر کو شروع ہونے والے اس آپریشن کے آغاز میں ہی ڈی ایس پی ہمایوں بٹ، کرنل منپریت سنگھ اور میجر آشیش دھونک جاں بحق ہوئے تھے ۔