سرینگر//
کوکر ناگ میں تین اعلیٰ آفیسران کے جاں بحق ہونے پر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور بی جے پی نے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ کوکر ناگ میں فرائض کی انجام دہی کے دوران تین آفیسران نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کوکر ناگ سے ایک خوفناک خبر آرہی ہے کہ وہاں پر کرنل ، میجر اور جموں وکشمیر پولیس کا ڈی ایس پی فرائض کی انجام دہی کے دوران جاں بحق ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں جاں بحق ہوئے آفیسران کے گھر والوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری نے بھی کوکر ناگ میں تین اعلیٰ آفیسران کی شہادت پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے تین آفیسران جاں بحق ہوئے ہیں۔انہوں نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
بخاری نے سیکورٹی ایجنسیوں پر زور دیا کہ ملوث دہشت گردوں کو جلدازجلد انجام تک پہنچایا جائے۔