کولمبو، //پاکستان کے تیز گیند باز نسیم شاہ کندھے کی چوٹ کی وجہ سے ایشیا کپ کے بقیہ میچوں میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر پائیں گے۔
نسیم شاہ اتوار اور پیر کو کھیلے گئے ہند-پاک میچ کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔ ٹیم کے بالنگ کوچ مورنے مورکل نے جمعرات کو سری لنکا کے خلاف’ ‘کرو یا مرو‘ میچ سے قبل نسیم کے آؤٹ ہونے کو پاکستان کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی جگہ آنے والا کھلاڑی اپنا کردار صحیح طریقے سے ادا کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ نسیم بھارت کے خلاف میچ میں دائیں کندھے کی انجری کا شکار ہوئے۔ ڈاکٹر ان کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ آئندہ ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم کوئی خطرہ مول نہیں لیں گے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے۔ اس میچ میں حارث رؤف کے بازو میں بھی تکلیف ہوئی تھی لیکن اب وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں۔
پاکستانی بولنگ کوچ نے کہا کہ نسیم کی جگہ نوجوان زمان خان کو شامل کیا گیا ہے۔ میں نئے کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی دیکھ کر بہت پرجوش ہوں۔