سرینگر/۱۱ستمبر
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر ‘ منوج سنہا نے کہا ہے کہ یو ٹی میں مناسب وقت پر اسمبلی انتخابات ہوں گے ۔
پیر کوکنونشن سینٹر سرینگر میں جے اے کے ایف اے ایس جریدے کے افتتاحی ایڈیشن کے اجراءکے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات مناسب وقت پر ہوں گے۔ پارلیمنٹ کے فلور پر مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات ہوں گے جس کا فیصلہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کرے گا۔
سنہا نے کہا” ہمیں یقین ہے کہ 80 فیصد لوگ ووٹ دیں گے اور یہاں کے مروجہ نظام کی حمایت کریں گے،“ انہوں نے کہا“۔
ایل جی نے کہا”کچھ لوگوں کو جموں و کشمیر میں موجودہ نظام سے مسئلہ ہے۔ بدعنوانی میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا“۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک وزیر اعظم مودی معاملات کی سربراہی میں ہیں سب کچھ قانون کے تحت کیا جائے گا۔
ایل جی نے کہا کہ جموں و کشمیر کو باقی ریاست کے مقابلے زیادہ فنڈز مل رہے ہیں اور لوگوں کو احساس ہو گیا ہے کہ وہ پیسہ کہاں جا رہا ہے۔
سنہا نے کہا کہ خطے نے پچھلے 75 سالوں کے مقابلے گزشتہ 3 سالوں میں مثبت تبدیلی کا تجربہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں عام آدمی کو بااختیار بنانے کے لیے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا گیا۔
سنہا نے کہا”بدعنوانی کی بنیاد پر چلنے والے نظام کو منہدم کر دیا گیا۔ اب عام آدمی نظام میں شفافیت کے ساتھ بااختیار محسوس کرتا ہے۔ جموں و کشمیر کو لوٹنے والوں کا احتساب ہوا۔ جے اینڈ کے بینک‘جو اب تاریخ لکھ رہا ہے، کو بھی پچھلی حکومتوں کے دوران نقصان اٹھانا پڑا تھا۔“