لاہور//
سابق بھارتی ٹیسٹ کپتان و کمنٹیٹر سنیل گواسکر اور آف سپنر ہربھجن سنگھ نے بھی ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو بارش کے باوجود کولمبو میں بقیہ میچز کروانے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔ سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے کہا کہ بظاہر تاثر ایسا دیا جارہا ہے کہ بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ہمبنٹوٹا جانے سے انکار کیا تھا لیکن ہمارے لیے یہ حقیقت جاننا بہت ضروری ہے کہ ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز ہمبنٹوٹا کیوں شفٹ نہیں ہوئے اور کولمبو میں بارش کی پیشنگوئی معلوم ہونے کے باوجود میچز وہاں کیوں رکھوائے گئے؟۔
سنیل گواسکر نے مزید کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو بھی یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ پورا ماہ تیاری کرکے آئے ہیں، اگر ایک دو دن زیادہ سہولیات والی جگہ نہیں ملیں تو کوئی فرق نہیں پڑے گا، 2 دن کم وسائل سے ٹریننگ کرنے سے کیا ہوجائے گا؟۔
دوسری جانب ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ہمبنٹوٹا میں میچز کیلئے ٹریننگ کی سہولیات کے فقدان کا بہانہ بنانا غیر منطقی دکھتا ہے ، ہمارے دور میں تو وینیو کی سلیکشن پر کھلاڑیوں کی رائے پوچھی بھی نہیں جاتی تھی، وینیو کا انتخاب کھلاڑیوں کا نہیں آفیشلز کا کام ہے۔
ہربھجن سنگھ نے مزید کہا کہ اب مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ کولمبو اب صرف ٹیموں کے درمیان سوئمنگ کا مقابلہ ہوگا، دمبولا ایک مکمل انٹرنیشنل سٹیڈیم ہے، معلوم نہیں وہاں میچز کیوں نہیں کرائے جا رہے۔