جموں/۶ستمبر
جموںکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک منڈی کے مقام پر سیکورٹی فورسز در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا کر 2 دہشت گردوں کو مار گرایا۔
معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔
جموں نشین ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ منڈی پونچھ میں ایل او سی کے نزدیک درمیانی شب دودہشت گردوں کو اس طرف آتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ۔انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکارمشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ۔
ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دودہشت گرد مارے گئے جن میں سے ایک کی لاش برآمد کی گئی جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ جاں بحق دہشت گرد کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
دفاعی ترجمان نے کہا کہ فوج اور پولیس کا یہ مشترکہ آپریشن ہنوز جاری ہے ۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی پر دراندازی کی کوششوں میں غیر معمولی اضافہ کے پیش نظر سرحدوں پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادرکئے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے ایک درجن علاقوں میں تلاشی آپریشن پچھلے دو روز سے جاری ہے ۔