نئی دہلی// نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے نوجوانوں کو ترقی یافتہ ہندوستان کے سفر کا جنگجو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اب دنیا کی امیدوں کا مرکز ہے ۔
مسٹر دھنکھڑ نے منگل کو راجستھان کے کوٹا میں یوم اساتذہ کے موقع پر منعقدہ ‘مرکزی اور ریاستی حکومت کے اساتذہ اور ریٹائرڈ ملازمین’ کی اعزازی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے نوجوان سال 2047 کے مستقبل کے جنگجو ہیں جو ہندوستان کو ترقی یافتہ بنائیں گے ۔
اس موقع پر لوک سبھا کے اسپیکر اور کوٹہ سے رکن پارلیمان اوم برلا اور کوئلہ، کانوں اور پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی کے علاوہ علاقے کے کئی اراکین اسمبلی، سابق عوامی نمائندے ، اعلیٰ افسران اور اساتذہ اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
حالیہ برسوں میں ملک کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ پچھلے دس برسوں میں ہندوستان فریزائل فائیو سے بڑھ کر دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن گیا ہے ۔ اس سفر میں ہم نے ہندوستان پر صدیوں حکومت کرنے والے برطانیہ کو شکست دی۔ انہوں نے اس تبدیلی کا سہرا عوام کی کوششوں کو دیا۔
مسٹر دھنکھڑ نے کہا کہ پچھلے سال ہندوستان کے کل ڈیجیٹل لین دین امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی جیسی ترقی یافتہ معیشتوں کے کل ڈیجیٹل لین دین سے چار گنا تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان میں فی کس انٹرنیٹ ڈیٹا کا استعمال چین اور امریکہ دونوں کے کل جمع کردہ ڈیٹا سے زیادہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹ بینک ٹرانسفر (ڈی بی ٹی) سے مڈل مین کا خاتمہ ہوا ہے ، انتظامیہ میں بدعنوانی ختم ہوئی ہے اور شفافیت میں اضافہ ہوا ہے ۔ سرکاری خدمات سے فائدہ اٹھانا زیادہ قابل رسائی ہو گیا ہے ۔ لوگوں میں یہ یقین بڑھ گیا ہے کہ کوئی بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر ہیں۔ ہندستان میں اسٹارٹ اپس کے لیے ماحول تیار ہو رہا ہے ۔ آج ہندوستان دنیا کی امیدوں کا مرکز ہے ، اختراعات اور سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر ابھرا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے باوجود کچھ لوگ مخالفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ صرف احتجاج ہی کرتے ہیں، لیکن بحث و مباحثہ نہیں کرتے ۔ اس تناظر میں انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ ایسے طبقے اداروں کے کام میں رکاوٹیں پیدا کرتے ہیں اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
لوگوں کو مستقل بااختیار بنانے کے بجائے مختصر مدت کے فائدے کے لیے مفت دینے کے رجحان کی تنقید کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج کا ہندوستان بدل گیا ہے ۔