کولکتہ//
ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ گجرات ٹائٹنز کے کپتان ہاردک پانڈیا نے انہیں روہت شرما کی یاد دلائی جب روہت کو پہلی بار ممبئی انڈینس کا کپتان بنایا گیا تھا۔
نئی آئی پی ایل ٹیم گجرات ٹائٹنز اس آئی پی ایل میں ایک اہم ٹیم بن کر ابھری ہے ۔ کپتان ہاردک پانڈیا اس ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
گواسکر نے اعتراف کیا کہ ہاردک اسی طرح اپنی کارکردگی دکھارہے ہیں جس طرح 2013 میں روہت کو ممبئی کا کپتان بنانے کے بعد اپنی کارکردگی دکھائی تھی۔ ذمہ داری نے روہت کو ایک ذمہ دار بلے باز اور لیڈر کے طور پر نکھارا ہے ۔ کچھ ایسی ہی علامات ہاردک میں بھی دکھائی دے رہی ہیں۔
اسٹار اسپورٹس پر کرکٹ لائیو میں گواسکر نے کہاکہ”جو میں ہاردک میں دیکھ رہا ہوں، روہت کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا، جب اسے آئی پی ایل کے 2013 سیزن کے وسط میں ممبئی انڈینز کا کپتان بنایا گیا تھا۔ اچانک ہم نے دیکھا کہ روہت شرما نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40، 50 اور 60 رنز بنائے اور آخر تک ذمہ داری سنبھالی۔ کپتانی کے ساتھ ساتھ انہوں نے شاٹ سلیکشن کو بھی بہتر کیا۔
انہوں نے کہاکہ "اسی طرح آپ ہاردک میں بھی دیکھتے ہیں، ان کے شاٹ کا انتخاب بہت اچھا رہا ہے ۔ اگرچہ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایک شاندار فیلڈر ہیں لیکن روہت شرما کے ساتھ بھی ایسا ہی تھا۔ وہ کور اور کلوز ان میں بہتر فیلڈر تھے ۔ تاہم، پانڈیا اسی طرح کی علامات دکھا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گجرات ٹائٹنز آئی پی ایل میں اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے ۔
سابق اسپن باؤلر پیوش چاولہ نے ہاردک کی بلے بازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ آرڈر کے اوپری حصے میں میچورٹی کے ساتھ بلے بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے کھیل اور ٹیم کے لیے میچ ختم کرنے کی طاقت حاصل کی۔
اسٹار اسپورٹس پر لائیو کرکٹ کے دوران چاولہ نے کہاکہ "جس طرح ہاردک بیٹنگ کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے ، وہ اپنی ٹیم کے لیے بہت زیادہ ذمہ داری لے رہے ہیں۔ پہلے وہ نمبر پانچ اور نمبر چھ پر بیٹنگ کرتے تھے لیکن اب وہ نمبر تین اور چوتھے نمبر پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔ انہیں اچھا کام کرتے دیکھ کر بہت اچھا لگا۔ وہ خود کو کنٹرول کرنا جانتے ہیں، وہ پریشانی کی کوئی علامت نہیں دکھاتے ہیں۔ وہ اچھی بیٹنگ کرنا چاہتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ اگر وہ آخر تک وکٹ پر رہے تو وہ اپنا اسٹرائیک ریٹ بہتر کر لیں گے ۔
سابق بلے باز محمد کیف نے کہا کہ ہاردک پانڈیا کو دھواں دھار کھیلنے والا کہنا غلط ہوگا کیونکہ بڑودا کے آل راؤنڈر کے پاس ہر طرح کے شاٹس دستیاب ہیں۔