بنگلورو//ہاکی انڈیا نے ایشیائی کھیلوں میں شرکت کے لیے ہانگزو جانے والی ہندوستانی مرد اور خواتین کی ہاکی ٹیموں کے لیے جمعرات کو یہاں ایک خصوصی الوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔
ہندوستانی ٹیمیں 19 ستمبر کو ہانگزو کے لئے روانہ ہوں گی اور اس سے پہلے وہ یہاں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی) کے سنٹرمیں تربیت حاصل کریں گی۔
ہاکی انڈیا نے اس تقریب میں کھلاڑیوں کے اہل خانہ کو مدعو کیا اور انہیں ٹیم کے ساتھ اعزاز سے نوازا۔ اس موقع پر ہاکی انڈیا کے صدر پدم شری ڈاکٹر دلیپ ٹرکی، جنرل سکریٹری بھولا ناتھ سنگھ اور اڈیشہ کے کھیل اور نوجوان خدمات کے وزیر تشار کانتی بہیرا بھی موجود تھے۔
ٹیموں کو دیکھنے کے لیے اوڈیشہ سے بنگلورو پہنچنے والے مسٹر تشار کانتی بہرانے کہا، "میں ٹیم کو دیکھنے کے لیے یہاں آ کر بہت خوش ہوں۔ مردوں اور خواتین کی دونوں ٹیموں کی حالیہ کامیابی کو قریب سے دیکھنے کے بعد، مجھے یقین ہے کہ وہ کامیاب ہوکر لوٹیں گی۔ میں ان کے بہترین نتائج کی خواہش کرتا ہوں۔”
ڈاکٹر ٹرکی نے کہا، "ہاکی انڈیا اس انعقادکے ذریعے کھلاڑیوں کے اہل خانہ کی طرف سے کی گئی ناقابل یقین کوششوں کو سراہتا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب دونوں ٹیموں کے خاندان کے تمام افراد کو ایک ساتھ لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بہت فخر ہے کہ ٹیمیں بڑی کامیابی کے لیے صحیح راستے پر گامزن ہیں۔
ہاکی انڈیا کے اس اقدام سے خوش ہو کر ہندوستانی مردوں کی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے کہا، "یہ واقعی ایک شاندار پروگرام تھا۔ میرے لیے یہ بہت خاص ہے کہ اس موقع پر اپنے اہل خانہ کا یہاں موجود ہونا اور ہمیں ایسا یادگار پیغام دینا بےحد خاص ہے۔ اس نے ہمیں ملک کا نام روشن کرنے کی تحریک دی ہے۔
اس موقع پر ہندوستان کی خاتون ہاکی ٹیم کی کپتان سویتا نے کہا، "ہمارے لیے اس خوبصورت الوداعی پارٹی کو منعقد کرنے اورہاکی انڈیا کی کوششوں سے ہمیں بہت خوشی ہوئی ہے اور ہمارے ساتھ موجود تمام کھلاڑی اس حوصلہ افزائی کے لیے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ اپنے ملک کا سر فخر سے بلند کرنے کے لیے نئے جوش و جذبے کے ساتھ اس سفر کو شروع کرنے کے لیے ہم تیار ہیں۔”
ہانگ زو ایشین گیمز 23 ستمبر سے شروع ہوں گے۔ اگر ہندوستانی ٹیمیں ایشیاڈ میں طلائی تمغہ جیتتی ہیں تو وہ اگلے سال فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقد ہونے والے اولمپک گیمز کے لیے کوالیفائی کر لیں گی۔