نئی دہلی// طویل وقت تک جسپریت بمراہ کی کمی محسوس کرنے کے بعد ہندوستان کے تجربہ کار تیز گیند باز محمد شامی نے کہا ہے کہ ان کی واپسی سے ہندوستانی گیند بازی مضبوط ہوگئی ہے۔
شامی نے اسٹار اسپورٹس کے ایک پروگرام میں کہا، ’’طویل وقت سے ہمارے پاس جسی (بمراہ) نہیں تھا، اس لئے ہمیں اس کے جیسے اچھے کھلاڑی کی کمی محسوس ہوئی۔
انہوں نے کہا، ’’آپ کو کبھی کبھی ایسا لگتا ہے، ‘کاش یہ کھلاڑی وہاں ہوتا تاکہ آپ کا مجموعہ سیٹ ہوسکے۔ اس لیے جسی کے ہونے سے، خاص طور پر محدود اوورز کے فارمیٹ میں، ہماری گیند بازی بہت مضبوط ہو گئی ہے۔ وہ فٹ نظر آرہے ہیں اور اچھا کھیل رہے ہیں، امید ہے کہ ہم ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ کمر میں اسٹریس فریکچر کی وجہ سے بمراہ تقریباً 11 ماہ تک کرکٹ سے دور رہے اور انہوں نے رواں آئرلینڈ کے ٹی 20 دورے کے لیے ٹیم میں واپسی کی۔ شامی کو یقین ہے کہ بمراہ، سراج اور ان کی تکڑی ایشیا کپ اور اس کے بعد ہونے والے ورلڈ کپ میں ہندوستان کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔
شامی نے کہا، ’’بڑے میچوں کے لیے ہمیشہ اچھی تیاری ہوتی ہے کیونکہ ہم نے تربیتی کیمپ میں پریکٹس کی ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں صورتحال کا زیادہ تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے پاس مہارت اور باؤلنگ لائن اپ ہے، اس لیے ہمیں زیادہ سوچنے کی ضرورت نہیں ہے۔ مجھے ایک بات کہنی ہے کہ جب بھی ون ڈے میچ آتے ہیں تو توجہ مرکوز کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ لہذا ہمیں توجہ مرکوز کرنی ہوگی اور مناسب منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔
انہوں نے کہا، ’’میرے پاس نئی گیند ہے یا ٹیم کو میچ کے دوران کسی بھی مرحلے میں میری ضرورت ہے تو میں ہمیشہ حاضر ہوتا ہوں۔ مجھے نئی گیند یا پرانی گیند سے گیند بازی کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے۔ ہم تینوں (بمراہ، شامی اور سراج) بہت اچھی بولنگ کر رہے ہیں، اس لیے یہ مینجمنٹ پر منحصر ہے کہ کون کھیلے گا۔ صرف ایک ہی مقصد ہے، میدان میں جا نا اوراپنا صد فیصد دینا ہے۔ اگر ہم اپنا صد فیصد دیتے ہیں تو نتائج ہمارے حق میں ہوں گے۔‘‘
ہندوستان ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز 2 ستمبر کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف کرے گا، جبکہ اس کا دوسرا مقابلہ گروپ اے میں 4 ستمبر کو نیپال کے خلاف ہو گا۔