عمان//ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے ایشین ہاکی 5 ایس ورلڈ کپ کوالیفائر میں مضبوط آغاز کرتے ہوئے جمعہ کو اپنے افتتاحی میچ میں ملائیشیا کو 7-2 سے شکست دی۔
ہندوستان کی اس یک طرفہ جیت میں کپتان نوجوت کور (تیسرے، 28ویں منٹ) اور مونیکا ٹوپو (12ویں، 20ویں منٹ) نے دو دو گول کیے، جب کہ اکشتا ڈھیکلے (چوتھے منٹ)، ماریانا کجور (17ویں منٹ) اور مہیما چودھری (28ویں منٹ) نے ایک ایک گول کیا۔ ملائیشیا کی جانب سے وان وان (ساتویں منٹ) اور عزیز ظفرہ (11ویں منٹ) نے ایک ایک گول کیا۔
ہندوستان نے کھیل کے چھوٹے فارمیٹ میں جارحانہ آغاز کیا اور ان کا تیز رفتار کھیل کا انداز ملائیشیا پر مہنگا پڑا۔ کپتان کور نے تیسرے ہی منٹ میں ہندوستان کا کھاتہ کھولا، جب کہ اکشتا نے اگلے ہی منٹ میں ٹیم کی برتری کو دوگنا کردیا۔
پہلے ہاف کے اختتام سے قبل وان وان اور عزیزہ نے ایک ایک گول سے مقابلہ برابر کر دیا تاہم اس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے میچ پر گرفت مضبوط کرنا شروع کر دی۔
عزیزہ کے گول کے ایک منٹ بعد مونیکا نے ہندوستان کی طرف سے تیسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو ہاف ٹائم میں 3-2 کی برتری دلا دی۔ وقفے کے بعد بھی ہندوستان کی رفتار نہیں رکی اور ماریانا نے 17ویں منٹ میں اسکور شیٹ پر اپنا نام درج کردیا۔
مونیکا نے 20 ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کیا جس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے آرام سے 5-2 کی برتری حاصل کر لی۔ ملائیشیا کی ٹیم کئی کوششوں کے باوجود واپسی نہ کرسکی جبکہ مہیما اور نوجوت نے آخری دو منٹوں میں ہندستان کے اسکور میں ایک ایک گول کا اضافہ کر کے میچ کا اختتام دیا۔
ہندوستان کا اگلا مقابلہ ہفتہ کو جاپان سے ہوگا۔