جموں//
جموں صوبہ کے سانبہ ضلع میں سرور ٹول پلازا کو ہٹانے کی مانگ کو لے کر دوسرے روز بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاج کیا۔
یوا راجپوت سبھا کے لیڈروں کی رہائی کو لے کر جموں کے مختلف اضلاع میں لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف سڑکوں پر آکر دھرنا دیا ۔
توی پل پر احتجاج کر رہے لوگوں کو منتشر کرنے کی خاطر پولیس نے ہلکا لاٹھی چارج کیا جس دوران کئی افراد کو احتیاطی طورپر حراست میں لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق جموں میں سرور ٹول پلازا کو ہٹانے کی مانگ کو لے کر احتجاج کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے ۔
نامہ نگار نے بتایا کہ بدھ کے روز بھی جموں کے مختلف اضلاع میں لوگوں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے اور سرکار سے مطالبہ کیا کہ ٹول پلازا کو فوری طورپر بند کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ انتظامیہ نے غیر قانونی طریقے سے سرور ٹول پلازا کو قائم کیا ہے لہذا اس کو فور ی طورپر بند کیا جانا چاہئے ۔
سانبہ میں بدھ کے روز مکمل بند رہا جس دوران لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سرور ٹول پلازا کو غیر قانونی طریقے سے قائم کیا ہے اور اس کا واحد مقصدجموں کے لوگوں کو دو دو ہاتھوں لوٹنا ہے ۔
بتا دیں کہ بند کی کال بیوپار منڈل سانبہ نے دی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ جمہوریت میں ہر کسی کو پر امن احتجاج کرنے کا حق ہے لیکن انتظامیہ نے یوا راجپوت سبھا کے متعدد لیڈروں کو غیر قانونی طریقے سے حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں۔
نامہ نگار نے بتایا کہ سانبہ میں ٹول پلازا کو لے کر بدھ کے روز مکمل ہڑتال سے معمولات زندگی ٹھپ ہو کررہ گئی جبکہ کاروباری اداروں میں بھی کوئی کام کاج نہیں ہوا۔سانبہ میں بار ایسو سی ایشن کی جانب سے بھی ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا جس دوران وکلا غنڈہ گردی اور تانا شاہی نہیں چلے گی کے نعرے لگا رہے تھے ۔
دریں اثنا جموں صوبے کے متعدد علاقوں میں بدھ کے روز لوگوں نے پر امن جلوس نکالا اور سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ لوگوں کی مانگ کو فوری طورپر حل کرئے ۔معلوم ہوا ہے کہ توی پل پر نوجوانوں کی ایک بڑی تعدادنے احتجاج کیا جس دوران پولیس نے انہیں گھسیٹ کر گاڑیوں میں بھر کر پولیس اسٹیشن پہنچایا۔
ٹول پلازا کو بند کرنے کی مانگ کو لے کر جموں میں اس وقت متعدد مقامات پر احتجاج جاری ہے ۔بخشی نگر جموں میں بھی لوگوں نے احتجاج کیا اور سرکار سے مطالبہ کیا کہ ٹول پلازا کے ساتھ ساتھ سمارٹ میٹرز کی تنصیب پر فوری طورپر پابندی عائد کی جائے ۔کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر جموں صوبے میں سیکورٹی کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
جموں شہر کے ساتھ ساتھ سانبہ ضلع میں بھی جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی جبکہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی کو جاری رکھنے کی خاطر بھی سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے ۔
بتادیں کہ منگل کی سہ پہرکو سرور ٹول پلاز ا کے نزدیک احتجاج کر رہے لوگوں کو منتشر کرنے کی خاطر پولیس نے نہ صرف لاٹھی چارج کیا بلکہ ٹیر گیس شلنگ بھی کی جس وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے قومی شاہراہ پر دھرنا دیا جس وجہ سے کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کررہ گئی تھی ، ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کی خاطرہی مظاہرین پر ہلکا لاٹھی چارج کیا گیا۔