نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا ہماچل پردیش میں شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لئے اتوار کوریاست کے دورے پر ہوں گے ۔
آج یہاں جاری ایک پارٹی ریلیز میں بتایا گیا کہ مسٹر نڈا ان لوگوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کریں گے جنہوں نے اس قدرتی سانحہ میں اپنی جانیں گنوائیں۔ وہ سمر ہل، شملہ میں شدید بارشوں کی وجہ سے تباہ شدہ قدیم شیو مندر کی جگہ کا دورہ کریں اور شملہ و بلاس پور میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ راحت، بچاؤ اور بحالی کے کاموں پر بات چیت کریں۔
ریلیز کے مطابق، مسٹرنڈا کل صبح پاونٹا صاحب (سرمور) پہنچیں گے ۔ اس کے بعد وہ صبح سڑک کے ذریعے گاؤں سرموری تال اور کچھی ڈھانگ پہنچیں گے ، جہاں وہ سرموری تال علاقے میں بادل پھٹنے سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور اس واقعے میں ہلاک ہونے والے پانچ افراد کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کریں گے ۔
بی جے پی صدر شملہ کے شیو باوڑی، سمر ہل پہنچیں گے جہاں وہ شدید بارش سے تباہ ہونے والے قدیم شیو مندر کی جگہ کا جائزہ لیں گے ۔ اس حادثے میں اب تک 16 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ راحت اور بچاؤ کا کام ابھی بھی جاری ہے ۔ اس کے بعد وہ کرشن نگر، شملہ بائی پاس کے راستے کرشن نگر علاقے میں تباہ شدہ مکانات اور نقصانات کا جائزہ لیں گے ۔
مسٹرنڈا دوپہر میں شملہ کے ہوٹل پیٹر ہاف میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ راحت اور بچاؤ کارروائیوں کے بارے میں بات چیت کریں گے ۔ سہ پہرتقریباً 3.30 بجے بی جے پی صدر بلاس پور کے سرکٹ ہاؤس پہنچیں گے ۔ وہ یہاں بھاری بارش ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہونے والے جال مال کے نقصان سے متاثرہ سوگوار خاندانوں سے ملاقات کریں گے اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ راحت، بچاؤ اور بحالی کے پروگراموں پر بات چیت کریں گے ۔