نئی دہلی//
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو مرکزی ریزرو پولیس فورس، گریٹر نوئیڈا کے گروپ سینٹر میں وزارت داخلہ کی کل ہند شجرکاری مہم کے تحت چار کروڑواں پودا لگایا۔
مسٹر شاہ نے سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے آٹھ مختلف کیمپس میں 165 کروڑ روپے کی لاگت سے 15 نئی تعمیر شدہ عمارتوں اور ڈھانچے کا بھی ای افتتاح کیا۔ ان میں 57 کروڑ روپے کی لاگت سے 102 ریپڈ ٹاسک فورسز میں 220 فیملی ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر، 17 کروڑ روپے کی لاگت سے گروپ سینٹر، رائے پور میں 50 بستروں کے اسپتال کی تعمیر، 16 کروڑ روپے کی لاگت سے ریکروٹمنٹ ٹریننگ سینٹر، جودھ پور میں انتظامی عمارت، کوارٹر گارڈ اور پریڈ گراؤنڈ، 11 کروڑ روپے کی لاگت سے گروپ سینٹر، رائے پور میں 240 افرادی بیرکوں کی تعمیر اور مختلف حصوں میں اسپتال، جم، میس، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ، کینٹین وغیرہ کی تعمیر شام ہیں۔ اس موقع پر مرکزی داخلہ سکریٹری اور مرکزی پولیس فورس کے ڈائریکٹر جنرل سمیت کئی معززین موجود تھے ۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج کا دن پولیس فورس کے لیے بہت اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تین سال قبل فیصلہ کیا گیا تھا کہ دسمبر 2023 سے پہلے ہم 5 کروڑ درخت لگا کر دنیا کے نام وقف کریں گے ۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کا بھروسہ ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام جوانوں اور ان کے اہل خانہ نے درخت کو اپنا دوست سمجھا اور ان کی دیکھ بھال کے لیے وقت نکال کر اس بظاہر ناممکن کام کو ممکن بنایا۔ انہوں نے کہا، "آج 4 کروڑواں پودا، وہ بھی پیپل کے درخت کا، لگایا گیا ہے ۔ چار کروڑ ہرے بھرے درختوں کے ذریعے زمین کو سرسبز بنانے میں تمام پولیس فورس کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یہ مہم پولیس فورس کی بہادری کے ساتھ ساتھ زمین کے تحفظ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے تئیں ان کی حساسیت کی ایک نئی داستان لکھے گی۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ پانچ کروڑ درخت لگانے کی ‘کل ہند شجرکاری مہم’ ماحولیاتی تحفظ کے لیے ایک مہاکمبھ کی طرح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کے جوانوں نے اپنی بہادری، ایثار، قربانی اور محنت سے ہمیشہ ملک کی اندرونی سلامتی اور سرحدوں کی حفاظت کو محفوظ رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی داخلی سلامتی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، بارڈر سکیورٹی اور سرحدوں پر واقع پہلے گاووں کو عوامی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اب پولیس فورس درخت لگانے کی مہم کے ذریعے ماحولیات کے تحفظ کی سمت میں بے مثال کام کر رہی ہے ۔ قدرتی آفات ہو یا کورونا جیسی وبا، پولیس فورس نے جان کی پرواہ کیے بغیر عوام کو درپیش ہر بحران میں ساتھ کھڑے ہونے کا جذبہ دکھایا ہے ۔