نئی دہلی/۱۵اگست
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ حکومت ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے اور اس کے نتیجے میں سرحدوں پر حفاظتی انتظامات سخت ہیں اور سرحدیں پہلے سے زیادہ محفوظ ہو گئی ہیں۔
آج یہاں ملک کے۷۷ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم سے اپنے خطاب میں مودی نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ملک کی اسٹریٹجک طاقت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور اس کی سرحدیں بھی پہلے سے زیادہ محفوظ ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں اور پولیس فورسز کی محنت اور لگن کی وجہ سے داخلی سلامتی کی صورتحال میں بھی بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج اب پہلے کے مقابلے میں مکمل طور پر دفاعی آلات سے لیس ہیں اور ہر طرح سے جنگ کے لیے تیار ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دفاعی شعبے میں اصلاحات کا جو عمل شروع کیا گیا ہے اس کے بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کی وجہ سے ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ دہشت گردی کے واقعات اور بم دھماکوں جیسے واقعات ماضی کا حصہ بن چکے ہیں اور دہشت گردی پر قابو پا لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نکسل متاثرہ علاقوں میں بھی صورتحال میں زبردست تبدیلی آئی ہے ۔
مسلح افواج میں خواتین کی طاقت کے بڑھتے ہوئے رول کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں اگر کسی ملک میں خاتون پائلٹوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے تو وہ ہندوستان میں ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستانی افواج میں خواتین اب ہر محاذ پر اپنے مرد ہم منصبوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر ملک کے دفاع کو مضبوط کر رہی ہیں۔