نئی دہلی//) دہلی کی ایک عدالت نے 1984 کے سکھ مخالف فسادات سے متعلق ایک معاملے میں ملزم کانگریس لیڈر جگدیش ٹائٹلر کی طرف سے جمع کرائے گئے ضمانتی مچلکے کو ہفتہ کو قبول کر لیا۔
ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ (اے سی ایم ایم) ودھی گپتا آنند نے خصوصی جج کے حکم کے مطابق ضمانتی مچلکے قبول کرنے کے بعد کہا، "دستاویزات کو جانچ یا مزید کارروائی کے لیے 11 اگست کو رکھا جائے گا۔”
سی بی آئی کے خصوصی جج وکاس دھل نے جمعہ کے روز ایک لاکھ روپے کا ضمانتی بانڈ بھرنے اور کیس سے متعلق ثبوت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کرنے سمیت کچھ شرائط کے ساتھ ٹائٹلر کو پیشگی ضمانت دے دی۔ اے سی ایم ایم نے چارج شیٹ کا نوٹس لینے کے بعد ٹائلر کو ہفتہ کے روز عدالت میں حاضر ہونے کے لیے سمن جاری کیا۔
تحقیقات کے بعد، سی بی آئی نے 20 مئی کو چارج شیٹ داخل کی کہ ٹائٹلر نے یکم نومبر 1984 کو پل بنگش گوردوارہ، آزاد مارکیٹ میں جمع ہونے والے ہجوم کو اکسایا اور بھڑکایا، جس کے نتیجے میں گردوارہ جل گیا اور اس تشدد میں تین سکھ ٹھاکرسنگھ، بادل سنگھ اور گرو چرن سنگھ کی موت ہوگئی۔
جانچ ایجنسی نے اس معاملے میں ٹائٹلر پر تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 147 (تشدد)، 109 (بھڑکانا) اور دفعہ 302 (قتل) کے تحت فرد جرم عائد کی ہے ۔ 31 اکتوبر 1984 کواس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کے ایک دن بعد پل بنگش کے علاقے میں تین لوگوں کا قتل اور ایک گوردوارے کو نذر آتش کر دیا گیا تھا۔