نئی دہلی: انگلینڈ کا نیا ٹسٹ کپتان تقریباً طے ہوگیا ہے۔ بین اسٹوکس (Ben Stokes) نئی ذمہ داری لینے کے لئے تیار ہوگئے ہیں۔ گزشتہ دنوں جو روٹ (Joe Root) نے ٹسٹ کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ کےنئے ڈائریکٹر راب کے ساتھ میٹنگ کے بعد اسٹوکس نے اس پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ انگلش بورڈ جلد نئے ٹسٹ کپتان کا اعلان کرسکتا ہے۔
اس درمیان بین اسٹوکس نے اپنی ترجیحات بھی بتا دی ہیں۔ وہ 2 سینئر تیز گیند باز جیمس اینڈسن اور اسٹورٹ براڈ کو پھر سے ٹیم میں واپس لانا چاہتے ہیں۔ معلوم ہو کہ ایشیز سیریز میں دونوں کو کھیلنے کا موقع کم ہی ملا۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز دورے کے لئے دونوں کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔ ٹیم کو ایشیز سیریز میں بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ٹیلی گراف کی خبر کے مطابق، بین اسٹوکس انگلینڈ کے نئے کپتان کی ذمہ داری سنبھالنے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹسٹ کے نئے کوچ کے طور پر گیری کرسٹن (Gary Kirsten) اور سائمن کیٹچ سب سے آگے ہیں۔ کرسٹن کی ہی کوچنگ میں ٹیم انڈیا نے 2011 میں ونڈے عالمی کپ کا خطاب جیتا تھا۔ ای سی بی نے ٹسٹ اور لمیٹیڈ اوور دونوں کے کوچ کے لئے الگ الگ درخواستیں نکالی ہیں۔ حالانکہ بین اسٹوکس کو ٹسٹ میں کپتانی کرنے کا تجربہ نہیں ہے۔ جو روٹ کی کپتانی میں بیشتر وقت وہ نائب کپتان کے طور پر ہی کھیلے۔
گزشتہ سال پاکستان کے خلاف لمیٹیڈ اوور سیریز میں بین اسٹوکس کو انگلینڈ کا کپتان بنایا گیا تھا۔ تب ٹیم کے بیشتر کھلاڑی کووڈ-19 پازیٹیو ہونے کے سبب کھیلنے کے لئے فٹ نہیں تھے۔ تب ٹیم نے سیریز 0-3 سے جیتی بھی تھی۔ انہوں نے 2020 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک ٹسٹ میں کپتانی کی تھی۔ انگلینڈ کو اس ٹسٹ میچ میں شکست ملی تھی۔ تاہم انہوں نے جوفرا آرچر اور مارک ووڈ کو ساتھ میں گیند بازی کرائی تھی اور اچھی چھاپ بھی چھوڑی تھی۔