جموں//
سٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی(ایس آئی اے ) نے سنیچر کے روز پونچھ میں چھاپے مارے ۔
معلوم ہوا ہے کہ یہ چھاپے نارکو ٹیرر کیس کے سلسلے میں ڈالے جارہے ہیں
اطلاعات کے مطابق سنیچر کی صبح ایس آئی اے کی ایک ٹیم نے پونچھ میں چھاپے ڈالے جس دوران کئی افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی اے کی ایک ٹیم نے پولیس اور سی آر پی ایف کی مدد سے ہفتے کی صبح پونچھ میں چھاپے مار کارروائیاں انجام دیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ چھاپے نارکو ٹیرر اسمگلر رفیق لالہ کیس کے سلسلے میں مارے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے کشتواڑ میں روپوش حزب المجاہدین عسکریت پسند کے رہائشی مکان پر چھاپہ ڈالا اور وہاں سے موبائیل فون برآمد کیا ہے۔ بتادیں کہ این آئی اے نے روپوش عسکریت پسند ریاض احمد عرف ہزاری ساکن کشتواڑ کو پہلے ہی اشتہاری قرار دے کر اس کا پتہ بتانے والے کو تین لاکھ روپیہ بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس سے پہلے بھی متعدد مقامات پر مختلف مقدمات کے تحت قومی تحقیقاتی ایجنسی اور ریاستی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے چھاپہ ماری کی گئی تھی اور اس دوران متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا جب کہ ٹیرر فنڈنگ کیس کے سلسلے میں مختلف افراد کی املاک کو ضبط بھی کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں ٹیرر فنڈنگ کیس کے سلسلے میں قومی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے مختلف حریت پسند رہنماؤں کی املاک کو بھی وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں منسلک کیا گیا تھا۔