سرینگر//
صوبائی کمشنر کشمیر‘ وجے کمار بدھوری کا کہنا ہے کہ حکومت سرینگر کے دو روٹس پر محرم کے جلوسوں پر دہائیوں سے عائد پابندیوں کو ہٹانے پر سنجیدہ ہے ۔
بدھوری نے کہا کہ ہم تمام پہلوئوں کو دیکھ رہے ہیں اور اس سلسلے میں ہر سطح پر میٹنگیں ہو رہی ہیں۔
صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ کیا۔
بدھوری نے کہا’’سرینگر میں دو روٹس پر ۸؍اور۱۰محرم کے جلوسوں پر پابندی ہٹانے کیلئے ہر سطح پر میٹنگیں ہو رہی ہیں، ہم اس پر سنجیدہ ہیں،سارے پہلوئوں کو دیکھا جا رہا ہے ‘‘۔
صوبائی کمشنر کا کہنا تھا’’ہم نے شیعہ برادری سے کہا ہے کہ وہ ان جلوسوں میں کون شرکت کرے گا اور کتنے لوگ شرکت کریں گے ، کے بارے میں تفصیلات فراہم کریں اور اب بال ان ہی کی عدالت میں ہے ‘‘۔
بدھوری نے کہا کہ اگر کوئی یہاں امن خراب کرنے کی کوشش کرے گا تو اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہاں لوگوں کی سخت محنت کے بعد امن قائم ہوا ہے ۔
اسمارٹ سٹی پروجیکٹس کے متعلق پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ تمام پروجیکٹوں کو اسی سیزن میں مکمل کیا جائے گا۔
اس سے پہلے پیر کولیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سِنہا نے محرم الحرام کے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔
میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ یہ ہم سب کے لئے اِنتہائی مذہبی اہمیت کا موقعہ ہے ۔ جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ اور مرکزی حکومت اِس بات کو یقینی بنانے کیلئے حساسیت او رعزم کے ساتھ کام کر رہی ہے کہ محرم الحرام ہموار، محفوظ اورپریشانی کے بغیر اِنعقاد کے لئے تمام اِنتظامات کئے جائیں۔‘‘
سنہا نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اِمام بارگاہوں سے بہتر رابطہ، بجلی کی فراہمی ، اِضافی راشن کی دستیابی ، پانی اور بنیادی سہولیات ، بازار کا باقاعدہ معائینہ ، صفائی ستھرائی ،ٹریفک اِنتظام ، لوگوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے محرم کے اِنتظامات کے بارے میں شیعہ کمیونٹی کے ممتاز نمائندوں سے معلومات بھی طلب کیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بات چیت کے دوران اُٹھائے گئے مسائل اور مطالبات کو حل کرنے کیلئے فوری اور مناسب اَقدامات کا یقین دِلایا۔
ضلع ترقیاتی کمشنروں نے میٹنگ کو اَپنے اَپنے اَضلاع میں محرم الحرام کی تیاریوں اور اِنتظامات سے آگاہ کیا۔