سرینگر//
سرینگر میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار نے موسلا دھار بارش کے درمیان یہاں کی ایک مصروف سڑک پر ننگے پاؤں گاڑیوں کی نقل و حمل کا انتظام کرنے پر تعریف حاصل کی ہے۔
سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں گپکار روڈ چوراہے پر ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار کو ننگے پاؤں ٹریفک کا انتظام کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جب اس نے علاقے میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے اپنے جوتے اور موزے نکالے کیونکہ وادی کے کئی حصوں میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے بارشوں کا پانی سڑکوں پر جمع ہو گیا ۔
یہ ویڈیو ٹویٹر پر ایک صارف نے پوسٹ کی تھی۔
صارف نے لکھا’’سرینگر میں پانی بھری سڑکوں اور موسلا دھار بارش کے مشکل حالات کے درمیان، ایک ٹریفک پولیس اہلکار ننگے پاؤں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا ہے۔‘‘
مختصر ویڈیو کلپ انٹرنیٹ پر واہرل ہوئی اور اسے ٹویٹر پر اب تک۳۲ہزارسے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔
نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ نے بھی ویڈیو پوسٹ شیئر کی، لیکن انتظامیہ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ سری نگر شہر میں بنیادی نکاسی آب کو بہتر نہیں کیا گیا جب مئی میں جی۲۰؍اجلاس سے قبل اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت اسے خوبصورت بنایا گیا تھا۔
عبداللہ نے ایک ٹویٹ میں کہا’’اس چوک کو صرف ایک ماہ قبل ’سمارٹ سٹی‘ پروگرام کے تحت جی ۲۰کے شرکاء کو متاثر کرنے کیلئے ’خوبصورت‘ کیا گیا تھا۔ یہ افسوس کی بات ہے کہ جب اس دھاتی چیز کو سڑک کے بیچ میں ڈال دیا گیا تو بنیادی نکاسی آب کو بہتر نہیں کیا گیا۔‘‘ (ایجنسیاں)