سرینگر///
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ( اے ڈی جی پی) کشمیر رینج وجے کمار نے ہفتے کے روز ننون بیس کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں پر سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے ہفتے کے روز پہلگام جا کر وہاں پر ننون بیس کیمپ کا دورہ کیا۔انہوں نے کہاکہ دورے کے دوران اے ڈی جی پی نے پولیس کے سینئر آفیسران کے ساتھ میٹنگ کی اس دوران سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور دوسرے متعلقین کے ساتھ بات چیت کی گئی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اے ڈی جی پی کو پہلگام میں یاتریوں کی سیکورٹی کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مزید حفاظتی اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔
اے ڈی جی پی نے پوترا گھپا تک سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کا بچشم جائزہ لیا اور مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کو بنائے رکھنے پر بھی زور دیا۔دورے کے دوران اے ڈی جی پی نے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کی خاطر سیکورٹی فورسز کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے مورک ڈرل کا بھی مشاہدہ کیا۔
اے ڈی جی پی نے ڈرون مینجمنٹ سینٹر کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا اور بعد میں تمام آفیسران نے کئی ناکہ پوانٹس کا دورہ کیا اور وہاں پر تعینات جوانوں سے بات چیت کی۔
پولیس آفیسر نے ایس ایس پی اننت ناگ کو ہدایت دی کہ بالائی ورکروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے اور یاترا راستوں پر مزید سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے بھی احکامات جاری کئے۔
وجے کمار نے امر ناتھ یاترا کے لئے کئے گئے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور خطے میں امن کو برقرار رکھنے کی خاطر جموں وکشمیر پولیس ، سی آر پی ایف سمیت دوسری سیکورٹی ایجنسیاں اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہے۔
اے ڈی جی پی نے مزید کہاکہ پوترا گھپا کے درشن کرنے والے یاتریوں کی حفاظت ہمیشہ سے ہی غیر معمولی اہمیت کی حامل رہی ہے لہذا اس کی طرف بھی دھیان دینے کرنے کی ضرورت ہے۔