واشنگٹن، فیس بک اور انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی میٹا پلیٹ فارم نے یوکرین پر حملے کے لیے روسی شہریوں کے خلاف پرتشدد تقریر اور پوسٹ کی اجازت دینے کے لیے اپنی پالیسی میں عارضی نرمی کا اعلان کیا ہے۔الجزیرہ نے جمعہ کے روز اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔ اس کا مطلب ہے کہ اب ان پلیٹ فارمز پر ’روسی حملہ آوروں کی موت‘ جیسے بیانات پوسٹ کرنے کی اجازت ہوگی۔دریں اثناء، امریکہ میں روسی سفارت خانہ نے فیس بک پر زور دیا ہے کہ وہ ان’’شدت پسندانہ سرگرمیوں‘‘ کو فوری طور پر بند کرے۔روسی سفارت خانہ نے کہاکہ میٹا کی جارحانہ اور مجرمانہ پالیسی کے ذریعہ روسی شہریوں کے خلاف نفرت اور دشمنی کو فروغ دینا اشتعال انگیز عمل ہے۔اس پالیسی کا اطلاق آرمینیا، آذربائیجان، ایسٹونیا، جارجیا، ہنگری، لاتویہ، لتھوانیا، پولینڈ، رومانیہ، روس، سلوواکیہ اور یوکرین پر ہوتا ہے۔ٹیک پلیٹ فارمز کو یوکرین کی جنگ سے متعلق متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جیسا کہ امریکی سنیٹر لنڈسے گراہم نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو اور ٹویٹر پر روسی صدر ولادیمیر پوتن کے قتل کا مطالبہ کیا تھا۔