ممبئی//کپتان ہاردک پانڈیا (67) کی شاندار نصف سنچری اور گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت گجرات ٹائٹنز نے کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کو ہفتہ کے روز آٹھ رن سے شکست دے کرآئی پی ایل ٹیبل میں نمبر ایک پر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔
کولکاتہ کے کیریبین آل راؤنڈر آندرے رسل نے اننگ کے آخری اوور میں چار وکٹیں لے کر گجرات ٹائٹنز کومقررہ 20 اوورز میں نو وکٹ پر 156 رن پر روکا لیکن گجرات نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کولکاتہ کوآٹھ وکٹ پر148 رنز پرروک کر سات میچوں میں اپنی چھٹی جیت حاصل کی، جبکہ کولکاتہ کوآٹھ میچوں میں پانچویں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پہلے تو ہاردک کی شاندار بلے بازی سے گجرات کی ٹیم 150 کے پارپہنچی اور بعد میں ابتدائی وکٹیں لے کر میچ پرپکڑبنائی، لیکن جب رسل کا طوفان آیا تو گجرات کی مشکلات میں اضافہ ہو گیاتھا۔ مسئلہ اس وقت اوربڑھ گیا جب یش کی گیند رسل کا وکٹ لے چکی تھی لیکن یہ نو بال ہوگئی۔ اس کے بعدآخری اوور میں الزاری جوزف نے رسل کا وکٹ لے کر میچ کوگجرات کی جھولی میں ڈال دیا۔
گجرات کی اننگ میں ایک وقت جب ہاردک پانڈیا اور ڈیوڈ ملر کھیل رہے تھے تو ایسا لگ رہا تھا کہ گجرات 175 رنز سے زیادہ اسکور کر سکتا ہے، لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ ہاردک نصف سنچری بنانے میں ضرورکامیاب رہے، لیکن یہ ناکافی تھا۔ گجرات نے آخری 17 گیندوں میں 6 وکٹ اور چھ گیند کے اندر چار وکٹ گنوائے۔
رسل نے پہلی گیند پر ابھینو منوہر، دوسری گیند پر لوکی فرگوسن، پانچویں گیند پر راہل تیوتیا اور چھٹی گیند پر یش دیال کی وکٹیں حاصل کیں۔ رسل نے ایک اوور میں چھ رن دے کر چار وکٹ اپنے نام کئے۔
گجرات کے کپتان ہاردک پانڈیا نے 49 گیندوں میں چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 67 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ اوپنر ریدھیمان ساہا نے 25 گیندوں پر 25، ڈیوڈ ملر نے 20 گیندوں میں 27 اور راہل تیوتیا نے 12 گیندوں میں 17 رن بنائے۔
رسل کے علاوہ کولکاتہ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 24 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔