لکھنؤ// سماج وادی پارٹی(ایس پی)صدر اکھلیش یادو نے بدھ کو کہا کہ بی جے پی اقتدار میں لوٹ اور بدعنوانی شباب پر ہے ۔ بی جے پی حکومت اپنے جھوٹے وعدوں سے ریاست کی عوام کو ٹھگنے کا کام کررہی ہے تو اقتدار کے تحفظ میں کہیں نوکری کے بہانے تو کہیں کھلے عام راہ چلتے لوٹ کی واردات کو انجام دیا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں نوکریاں دلانے کے نام پر آئے دن ٹھگی ہوتی ہے ۔ تازہ معاملہ محکمہ سینچائی میں نوکریاں دلانے سے وابستہ ہے ۔ محکمہ سینچائی میں 85الگ الگ عہدوں پر فرضی تقرری نامے بھیج کر ان امیدواروں سے ٹھگی کی گئی۔یادو نے کہا کہ سکریٹریٹ میں تو کئی بار ٹھگوں کا گورکھ دھندہ پکڑا گیا ہے ۔ ان کے تار وزیروں سے لے کر اعلی افسروں تک جڑے ہونے کی جانچ چل رہی ہے ۔
حیرت ہے کہ سکریٹریٹ میں ہی دفتر کھول کر جعل سازوں نے انٹرویو کا ڈرامہ پورا کیا۔ سوال یہ ہے کہ ریاست میں ٹھگی اور بدعنوانی کے بڑھتے معاملے بغیر اقتدار تحفظ کے تو ہو نہیں سکتے ہیں۔ بی جے پی حکومت اور وزیر اعلی چاہئے جتنے اعلانات کریں لوٹ اور بدعنوانی پر روک لگنے والی نہیں ہے ۔