سرینگر//
چیف سیکریٹری‘ ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے سرینگر سمارٹ سٹی مشن کے تحت جاری ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن کے کاموں کا موقع پر جائزہ لینے کیلئے سرینگر شہر کا ایک وسیع دورہ کیا ۔
دورے کے دوران چیف سیکریٹری نے مومن آباد بٹہ مالو ، ٹٹو گراؤنڈ ، جہلم ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ ، روائتی سوق مارکیٹ اینڈ کرافٹ سنٹر ، گھنٹہ گھر ، سرینگر پلازہ ، نشاط گارڈن کے علاقے ، ناردرن فورشور روڈ اور شالیمار کینال کا دورہ کیا ۔
ڈاکٹر مہتا نے مشاہدہ کیا کہ گھنٹہ گھر کے قریب سرینگر پلازہ کے ساتھ ترقی یافتہ جہلم ریور فرنٹ شہر میں اہم پرکشش مقامات بننے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور ان تمام پروجیکٹوں کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔
نشاط میں ڈل جھیل کی صفائی کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے آبی ذخائیر کی صفائی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے جھیل کو دلکش بنانے اور روزی روٹی کمانے کیلئے ڈل میں واٹر سپورٹس کی سرگرمیاں شروع کرنے کی بھی ہدایت دی ۔
ڈاکٹر مہتا نے مشاہدہ کیا کہ اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کی تکمیل کی تیز رفتاری سے شہر تیزی سے بہتر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جاری کام شہر کو ایک بڑے پیمانے پر نقش و نگار فراہم کریں گے۔
ڈل جھیل کے دورے کے دوران ڈاکٹر مہتا نے نشاط سے نسیم باغ تک جھیل کے ناردرن فورشور روڈ کے ساتھ لیک فرنٹ ڈیولپمنٹ کے کام کا معائینہ کیا جس میں پیدل چلنے والے راستے ، سائیکل ٹریک کی تعمیر اور ویوونگ ڈیکس بھی شامل ہیں ۔
چیف سیکریٹری نے تمام ہاوس بوٹس کو ایس ٹی پیز سے جوڑنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے سیوریج ٹریٹمنٹ کی۳۶؍ایم ایل ڈی صلاحیت کو بہترین طریقے سے استعمال کرنے اور جھیل میں موجود تمام ۹۰۰ ہاؤس بوٹس کو فوری طور پر سیوریج لائنوں سے جوڑنے کی ہدایت دی ۔
چیف سیکریٹری نے نشاط باغ کے علاقے کی اپ گریڈیشن اور ری ڈیولپمنٹ کے کاموں کا بھی جائزہ لیا جس میں الائیڈ روڈ ورکس‘ پاتھ ویز ، پلازہ ، لکڑی کے ڈیک اور اس کے اطراف کی لینڈ سکیپنگ بشمول شالیمار کینال کی ترقی شامل ہے ۔
عمل آوری ایجنسیوں کی طرف سے چیف سیکریٹری کو یقین دلایا گیا کہ وہ ان تمام منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں ۔