نئی دہلی// جمہوریہ اروگوے کی پارلیمنٹ کے ایوان نمائندگان (ایوان زیریں) کے صدر کی دعوت پر، پارلیمانی امور، کوئلہ اور کانوں کے وزیر پرہلاد جوشی نے 14-17 جون 2023 تک 10 رکنی پارلیمانی خیر سگالی وفد کی قیادت کی۔اس دورے کا مقصد دو نوں جمہوریتوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط اور گہرا کرنا ہے ۔
کثیر جماعتی وفد میں دونوں ایوانوں کے کل نو ارکان پارلیمنٹ شامل تھے ۔اس وفد میں مسٹر سنجے سیٹھ،محترمہ گومتی سائی، ہیمنت پاٹل، سی این انادورائی، ڈاکٹر گرومورتی مڈیلا اور محترمہ چندرانی مرمو سمیت چھ لوک سبھا رکن پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ راجیہ سبھا سے محترمہ اندو بالا گوسوامی، دنیش چندر اووادیہ اور نیرج ڈانگی شامل تھے ۔ اس میں پارلیمانی امور کی وزارت کے سکریٹری جی سرینواس بھی شامل تھے ۔ 14 جون کو ارجنٹائن اورارگوے میں ہندوستان کے سفیر جناب دنیش بھاٹیہ نے وفد کا استقبال کیا اور وفد کواروگوے اور ہندوستان کے دو طرفہ تعلقات کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔
ہندوستان سے اس سے قبل اس وقت کے لوک سبھا اسپیکرکی قیادت میں 2012 میں پارلیمانی وفد اروگوے کا دورہ کیا تھا۔ یہ دورہ مارچ 2023 میں نئی دہلی میں منعقدہ دونوں ممالک کے درمیان دفتر خارجہ کی مشاورت کے نتیجے میں انجام پذیر ہوا تھا ۔
اس دورے کا باضابطہ آغاز 15 جون کو وزیر موصوف کے ساتھ ، وفد کے ارکان کے ہمراہ، دارالحکومت مونٹیویڈیو میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کرنے سے ہوا تھا۔ دار الحکومت مجسمہ کے پاس ساحلی سڑک کے اس حصے رمبالا کو مہاتما گاندھی کے نام سے جانا جاتا ہے ۔
وفد کا استقبال 15 جون کو ایوان نمائندگان کے صدر مسٹر سیباسٹین ایندوجر نے کیا۔ وفد کی سطح پر بات چیت میں اروگوے کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ مسٹر پرہلاد جوشی اور مسٹر ایندوجار نے اروگوے کی پارلیمنٹ میں‘ہند [؟] اروگوے پارلیمانی دوستی گروپ’ کا آغاز کیا۔ بات چیت کے دوران خاص طور پر پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعہ دوطرفہ تعلقات مزید گہرا کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
مرکزی وزیر جوشی نے مسٹر ایندوجار کو ایک پارلیمانی وفد کے ساتھ ہندوستان آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اروگوے کے اراکین پارلیمنٹ کے ذریعہ ہندوستان کا دورہ 2023 کے اختتام سے پہلے ہوگا، جس کی تاریخوں کو سفارتی ذرائع سے حتمی شکل دی جائے گی۔
وفد اور سفیر بھاٹیہ کے ہمراہ وزیر موصوف نے اروگوے کے نائب صدر اور سینیٹ (ایوان بالا) کی صدر محترمہ بیٹریز ارگیمون سے بھی ملاقات کی، جو اس عہدے پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔ اروگوے کے صدر لوئس لیکلے پو کے غیر ملکی دورے کے باعث وہ جمہوریہ اروگوے کی قائم مقام صدر بھی ہیں۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ، انہوں نے چند سال قبل ہندوستان کے اپنے نتیجہ خیز اور یادگار دورے کو یاد کیا۔ انہوں نے دو متحرک جمہوریتوں کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں اجلاس میں، مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے خاص طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند کے ذریعہ اٹھائے گئے مختلف پالیسی اقدامات کی وجہ سے ہندوستان کی تیز رفتار سماجی و اقتصادی ترقی پر روشنی ڈالی ۔