گاندربل///
لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سِنہا نے آج بال تل کا دورہ کیا اوراس راستے سے شری اَمرناتھ جی کی سالانہ یاترا کی تیاریوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
سونہ مرگ میں ایک جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سی اِی او شری اَمرناتھ جی شرائین بورڈ ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ،کمشنر سیکرٹری دیہی ترقی اور پنچایتی راج مندیپ کور ، اے ڈی جی پی کشمیر وِجے کمار ، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بِدھوری اور شری اَمرناتھ جی شرائین بورڈ، سول اِنتظامیہ ، پولیس ، سی اے پی ایف اور فوج کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ہیلتھ کیئر ، بجلی ، مواصلات ، پانی کی فراہمی او رصفائی ستھرائی ، موسم کی پیش گوئی ،ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، سیکورٹی گرڈ اور یاتریوں کی خاطر دیگر تمام بنیادی ضروریات کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔
سنہا نے اَفسران کو ہدایت دی کہ یاتر ا بیس کیمپ میں ڈاکٹروں ، عملہ ، آلات ، اَدویات اور آکسیجن سلنڈر کی مناسب تعداد کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے بی آر او کو وسائل کو متحرک کرنے اور یاترا شروع ہونے سے قبل تمام کام مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ چوں کہ یاترا اونچائی پر دشوار گزار علاقے میں ہے جہاں آکسیجن کی سطح کم ہے ،صحت سہولیات چوبیس گھنٹے کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
سنہا نے اَفسروں پر زور دیا کہ وہ یاترا روٹ اور رات کی فضائی اور مواصلاتی خدمات کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ خیمہ بستیوں میں آگ بجھانے کے آلات نصب کئے جائیں۔
ایل جی نے کہا کہ یاترا کے مجموعی اِنتظامات کو اَپ گریڈ کیا گیا ہے ۔ تمام متعلقہ محکمے یاتریوں کو آسان ، محفوظ اور بغیر پریشانی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بال تل میں یاتر ا بیس کیمپ میں ڈی آر ڈی او ہسپتال میں جاری کام اور یاتریوں کیلئے دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ بتایا گیا کہ ہسپتال کو ۱۷جون تک فعال کیا جائے گا۔
اِس موقعہ پرسیکرٹری سیاحت محکمہ ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ ، سیکرٹری منصوبہ بندی ، ترقی اور نگرانی محکمہ ڈاکٹر راگھو لنگر ،ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر بھی موجو دتھے۔