سرینگر//
وادی کشمیر میں ہفتے کے روز دو الگ الگ سڑک حادثات میں دو افراد کی موت واقع ہوگئی جو دونوں پیشے سے ڈرائیور تھے ۔
شمالی ضلع کپواڑہ میں ہفتے کے روز پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ٹریکٹر ڈرائیور کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق راجوار ہندواڑہ میں ہفتے کے روز ٹریکٹر الٹنے کی وجہ سے ڈرائیور شدید طورپر زخمی ہوا۔انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی ڈرائیور کو ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں موجود ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت ۱۷سالہ مبشر احمد ریشی ولد عبدالرشید ریشی ساکن شاٹھ گنڈ پائین ماور کے بطور ہوئی ہے ۔پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے اجرو قاضی گنڈ میں دو گاڑیوں کے درمیان ٹکر ہونے سے ٹرک ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں سے سری نگر آ رہی ایک ٹرک کی نوا یوگا تول کراسنگ کے نزدیک ایک گاڑی کے ساتھ ٹکر ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں ٹرک ڈرائیور کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی۔
متوفی ڈرائیور کی شناخت ترلوچن سنگھ ولد ہمت سنگھ ساکن آر ایس پورہ جموں کے بطور ہوئی ہے ۔پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔