جموں//
سیکورٹی فورسز نے سندربنی نارکو ملی ٹینسی کیس کے تین اہم ملزمان کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ سندربنی نارکو ملی ٹینسی کیس کے سلسلے میں جموں وکشمیر پولیس اور فوج پچھلے ۷۲گھنٹوں کے دوران پونچھ ضلع میں متعدد مقامات پرچھاپہ ماری کی۔
ترجمان نے کہاکہ اس کیس کے تین کلیدی ملزمان کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
دفاعی ترجمان نے گرفتار شدگان کی شناخت شاکر الدین ولد نور الدین ساکن دیگوار ، راشد ولد بدر الدین اور شافر ولد محمد حاین ساکنان کالس پونچھ کے بطور کی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ گرفتار شدگان کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود جس میں دو گرینیڈ شامل ہیں کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ان کے مطابق کلیدی ملزمان کی گرفتاری سے نارکو ملی ٹینسی سے جڑے افراد کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے ۔
دفاعی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے ۔