کہتے ہیں کہ انت (انجام)بھلا تو سب بھلا …انتظامیہ … ایل جی انتظامیہ کی فوری مداخلت نے ایک ایسے تنازعہ کو ایک بڑے بحران میں تبدیل ہونے سے پہلے ہی ختم کردیا… جس سے کشمیر میں بے چینی پیدا ہونے کا پورا پورا امکان تھا ۔ وہ کیا ہے کہ … کہ کبھی کبھی ہم … ہم انسان شاہ سے بھی زیادہ وفادار بننے کی کوشش کرتے ہیں اور… اور پھر ہم خود کو ایک ایسی صورتحال میں پاتے ہیںجہاں سے نکلنا اگر ناممکن تو نہیں لیکن… لیکن مشکل ضرور نظر آتا ہے … ایسا ہی کچھ رعنا واری کی ایک اسکول پرنسپل صاحبہ نے بھی کیا… شاہ سے زیادہ وفادار بننے کی کوشش کرکے کیا … پرنسپل صاحبہ اب اپنے کئے پر معافی مانگ رہی ہیں… یہ بھی کہہ رہی ہیں کہ انہوں نے ایسا ویسا کچھ نہیں کہا … انہوں نے حجاب اور عبایا پر کوئی پابندی عائد نہیں کی تھی… لیکن… لیکن سچ تو یہ ہے کہ محترمہ کے ویڈیو بیانات گواہ ہیں کہ پرنسپل صاحبہ کی خواہش تھی… ان کا حکم تھا کہ … کہ اسکول میں زیر تعلیم طالبات اسکول کے اندر حجاب اور عبایا کا استعمال نہ کریں… حکومت اگر اس معاملہ … اس آگ پر فوراً پانی نے چھڑک دیتی تو… تو اللہ میاں کی قسم اس بات کا امکان تھا کہ … کہ یہ ایک بڑے تنازعہ کی شکل اختیار کرتا کہ …کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ مذہبی انجمنوں نے بھی اس پر اپنا سخت ردعمل ظاہر کرنے میں کوئی دیر نہیں لگائی … حتیٰ کہ کچھ ایک نے تو اسے دین میں مداخلت تک قرار دیا … یقینا اسکول میں ایک نظم و نسق ہوتا ہے اور… اور ہونا بھی چاہئے … اس نظم و نسق کا تعلق طلبا کے پہناوے سے بھی ہو تا ہے… اور ہونا بھی چاہئے … اور ہمیں یقین ہے کہ متذکرہ اسکول کی طالبات اسکول کی مخصوص وردی پہن کر اس نظم و نسق کا مظاہرہ بھی کرتی ہیں… لیکن… لیکن اس وردی کے اوپر عبایا پہن کر ہمیں نہیں لگتا ہے اور… اور بالکل بھی نہیں لگتا ہے کہ طالبات نے کسی ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کی تھی… پرنسپل صاحبہ کو ایسی کوئی بھی ہدایت دینے سے پہلے سو نہیں بلکہ ایک سو ایک بار سوچنا چاہئے تھا …محترمہ کو کرناٹک میں حجاب تنازعہ کو بھی دھیان میں رکھنا چاہئے تھا… یہ بھی ذہین میں رکھنا چاہئے تھا کہ کشمیر ایک مسلم اکثریتی علاقہ ہے ‘جس کی اپنے ایک منفرد شناخت ہے اور… اور یہاں کے لوگ اپنی اس منفرد شناخت کے حوالے سے حساس نہیں بلکہ بہت زیادہ حساس ہیں…پرنسپل صاحبہ نے ان سب باتوں کا خیال نہیں رکھا … لیکن … لیکن اللہ میاں کا شکر ہے ایل جی انتظامیہ نے رکھا اور… اور بغیر کوئی وقت ضائع کئے واضح کیا کہ عبایا یا حجاب پر کوئی پابندی نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔ ہے نا؟